مانچسٹر( پریس ریلیز) پریس کلب آف پاکستان یوکے کے سالانہ اجلاس میں خاتون صحافی محترمہ مقدسہ بانوکو صدر اور سہیل حیدر سہوترا کو جنرل سیکرٹری چن لیا گیا جبکہ سمسن جاوید کو نائب صدر اور سموئیل جیکب خزانچی منتخب ہو گئے – اس کے علاوہ پانچ مزید ارکان کو ایگزیکٹو کا رکن منتخب کیا گیا-ان میں نصر اللہ خان ‘ شفیق الزمان ‘ محبوب الٰہی بٹ ‘ گلزار خان اور غلام رسول شہزاد شامل ہیں – انتخابات چیف الیکشن کمشنر نصر اللہ خان مغل کی نگرانی میں ہوئے – سالانہ اجلاس کرونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے زوم کے ذریعے انٹرنیٹ پر ہوا جس میں ارکان کی کثیر تعداد نے شرکت کی – اجلاس میں سابق سیکرٹری جنرل لیاقت علی عہد نے گذشتہ سال کی رپورٹ پیش کی جبکہ سموئیل جیکب نے مالی رپورٹ پیش کی جسے ارکان نے درست ریکارڈ کے طور پر منظورکر لیا – اجلاس میں پریس کلب آف پاکستان یوکے کے آئین میں ترامیم کو بھی موضوع بحث بنایا گیا اور ارکان نے ان ترامیم پر کھل کر اپنی رائے دی – نصر اللہ خان مغل نے واضح کیا کہ صحافی تنظیموں کے آئین ایسے ہیں جن کو چیرٹی کمیشن میں رجسٹرڈ کرواتے ہوئے مشکلات درپیش ہیں – عہدیداروں کی ایک فوج اکٹھی کر دی جاتی ہے جن کے کام کا درست طور پر تعین نہیں کیا جاسکتا جبکہ پریس کلب کے سابقہ آئین میں کسی صحافی تنظیم کی روح نہیں پائی جاتی جن کی تفصیل سیکرٹری جنرل نے اپنی رپورٹ میں پیش بھی کی – تاہم ارکان نے کہا کہ وہ پراجیکٹس خوش آئند ہیں لیکن ان کی تعداد اتنی زیادہ نہیں ہے – پریس کلب ایک غیر سیاسی و غیر مذہبی تنظیم ہے – اس کا سب سے زیادہ فوکس انہی پراجیکٹس پر ہونا چاہئیے – تاہم ترامیم کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا -جس کے بعدانتخابات میں نو رکنی ایگزیکٹو کمیٹی چنی گئی جس نے بعد ازاں عہدیدار منتخب کئے -دریں اثناء نومنتخب صدر محترمہ مقدسہ بانو نے ارکان سے استصواب رائے کے بعد پروسونل کمیٹی کے لئے نصر اللہ خان مغل ‘ فنانس اور جنرل پرپز کمیٹی کے لئے گلزار خان ‘ ایکٹیوٹی کمیٹی کے لئے شفیق الزمان ‘ پراجیکٹس ڈویلپٍمنٹ کمیٹی کے لئے محبوب الٰہی بٹ اور کمیونیکیشن ‘ پروموشن اور مارکیٹنگ کمیٹی کے لئے غلام رسول شہزاد کو چئیرمین مقرر کیا – اس موقع پر محترمہ مقدسہ بانو نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ پریس کلب کا نظام چلانے کے لئے مزید کمیٹیاں بھی بنائی جائیں گی لیکن ان کے چیئرمین کو ایگزیکٹو میں ووٹنگ پاور نہیں ہو گی – انہوں نے خود پر اعتماد کرنے اور بلامقابلہ صدر منتخب کرنے پر ارکان کا شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ پریس کلب کو ایک تنظیم کے طور پر اسی طرح چلایا جائے گا جس طرح ماضی میں شفیق الزمان نے بحیثیت صدر چلایا – ماضی کے دو سال میں پریس کلب آف پاکستان یوکے نے جس قدر ترقی کی اور جس قدر پراجیکٹس کروائے اس کی نظیر نہیں ملتی – نظیر تو اس کی بھی نہیں ملتی کہ کسی پاکستانی صحافیوں کی تنظیم نے کسی خاتون کو صدر منتخب کیا ہو – اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پریس کلب آف پاکستان یوکے عورتوں کو مساوی مواقع فراہم۔کر کے انہیں بھی آگے لانے کی پالیسی رکھتا ہے – انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی پریس کلب کا اجلاس بلا کر اس میں مزید تبدیلیاں بھی کریں گی – اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق صدر شفیق الزمان نے ارکان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دو سال ان کے ساتھ تعاون کیا اور پریس کلب کے کام کو سرانجام دینے میں ان کی مدد کی – انہوں نے خود کو خراج تحسین پیش کرنے پر ارکان کا مزید شکریہ ادا کیااور واضح کیا کہ ان کی مدد کے بغیر یہ کام مکمل نہ ہو سکتا – کل تک پریس کلب ایک ننھا منا سا پودا تھا اور آج ایک تناور درخت بن چکا ہے – انہوں نے تنظیم کے معاملات انہوں نے نومنتخب عہدیداروں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ عہدے آنے جانے ہوتے ہیں – ہر شخص تعاون کرے تو ہی تنظیمیں اور ادارے ترقی کرتے ہیں – اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے پریس کلب آف پاکستان یو کے کی صدارت سے سبکدوش ہونے والے صدر شفیق الزمان ’ سیکرٹری لیاقت علی عہد اور ان کی پوری کابینہ کی خدمات کو سراہا گیا اور پریس کلب کو گذشتہ دو سال میں ترقی کی بلندیوں پر لے کر جانے پر ان کی کاوشوں کی تعریف کی گئی ۔قرار داد میں ان ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے برطانیہ کی صحافی تنظیموں کی تاریخ رقم کی اور پہلی دفعہ ایک خاتون محترمہ مقدسہ بانو کو صدرمنتخب کیانیز نصر اللہ خان مغل کی بحیثیت الیکشن کمشنر کارکردگی نیز چوہدری پرویز مسیح مٹو کی معاونت کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جن کی شبانہ روز محنت سے پریس کلب نے خوب ترقی کی۔
