جہلم(چوہدری عابد محمود +اسماعیل افتخار)ڈپٹی کمشنر جہلم راؤ پرویز اختر نے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر صفائی کے جامع انتظامات کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی سہولت کیلئے حکومتی کورونا ایس او پیز اور اوقات کار کے مطابق تمام تقریبات منعقد کی جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسیحی برادری کے راہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نے کہا ہے کہ کرسچن کالونی، مشین محلہ اور ریلوے روڈ سمیت دیگر شہری علاقوں میں صفائی اورسٹریٹ لائٹس کے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں، گزشتہ شام ڈپٹی کمشنر نے اے ڈی سی جی کے ہمراہ شیلوم سینٹر کا دورہ بھی کیا اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اظہار اطمینان کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے 25 دسمبر کے موقع پر میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز کو ہدایت کی کہ تمام چرچوں کی صفائی یقینی بنائی جائے اور یہاں سے گذرنے والے سیوریج نالوں کی بھی صفائی کرائی جائے۔ اس موقع پر اے ڈی سی آرڈاکٹر وقار علی خان،اے ڈی سی جی عمر افتخار شیرازی، سی او ایم سی انعام رحیم، یاسر ربانی، پاسٹر یقین، پاسٹر سنیل برکت، عاشق مسیح، پاسٹر نوید گل، ایرک وکٹر، مائیکل جیمز، پاسٹر قندیل جیمز اور دیگر بھی موجود تھے۔

جہلم(چوہدری عابد محمود +شیخ زلفی)ڈپٹی کمشنر جہلم راؤ پرویز اختر نے اے ڈی سی جی عمر افتخار شیرازی کے ہمراہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ اور رورل ہیلتھ سینٹر دینہ کا اچانک دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ اور آر ایچ سی میں رات گئے عملہ اور ڈاکٹرز کی حاضری چیک کی۔ انہوں نے ایم ایس سے زیر علاج مریضوں سے دستیاب سہولیات بارے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اخترنے صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے حوالہ سے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا تفصیلی دورہ کیا مریضوں سے دی جانیوالی سہولتوں کے بارے پوچھا اور کہا ہے کہ 24 گھنٹے کے مختلف اوقات کار میں ہسپتالوں کے اچانک دورے کرنے سے انتظامات میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلع بھر کے ہسپتالوں میں مفت ادویات اور علاج کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ز اور ڈاکٹرز موجود تھے۔