جہلم(چوہدری عابد محمود +عامرکیانی)جہلم شہر سے ملحقہ آبادیوں کے مکین سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان۔ گیس پریشرکی کمی نے شہریوں کی مشکلات میں مزیداضافہ کردیا،جوں جوں سردی بڑھ رہی ہے ویسے ہی گیس پریشر میں دن بدن کمی ہو رہی ہے، جس کے باعث گھروں میں خواتین کا کھاناتیارکرنامحال ہوکر رہ گیاہے جبکہ مجبوری کے عالم میں غریب، سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے شہری مجبوراً بازاری کھانے استعمال کرنے کی وجہ سے پیٹ کے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔خواتین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے مارے غریب عوام کے گھروں کے چو لہے جو پہلے ہی منہ زورمہنگائی کے باعث ٹھنڈے پڑ چکے ہیں،اب رہی سہی کسرگیس لوڈشیڈنگ نے نکال دی ہے،صبح وشا م کے اوقات میں توگیس ہی نہیں ہوتی، ان حالات میں نان بائی اورتندور والوں نے بھی روٹی کے وزن میں کمی اور قیمت میں من مانااضافہ کر رکھا ہے۔خواتین کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ضلعی انتظامیہ نرخوں اور غیر اعلانیہ گیس لوڈ شیڈنگ کو کنٹر ول کرنے میں بری طرح ناکام نظرآرہی ہے۔ کھانے تیار کرنے کے اوقات کے دوران گیس کی غیرا علانیہ بندش اورپریشر میں کمی شہریوں کیلئے عذاب بن چکی ہے جس کے باعث شہریوں نے ایل پی جی سلنڈروں کا استعمال شروع کر رکھا ہے،بڑھتی ہوئی مانگ دیکھ کر ایل پی جی سلنڈر فروخت کرنے والے دکانداروں اور ایجنسی مالکان نے سلنڈروں کی قیمتوں میں بھی خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے،یہ ظلم کی انتہا ہے،اس صورتحال میں عوام جائیں تو کہاں جائیں۔
