چیف ٹریفک آفیسر کا ٹریفک نظام کا جائزہ لینے کیلئے شہر بھر کا دورہ۔
وارڈنز اور اہلکار ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے سمیت تجاوزات کیخلاف کارروائیاں جاری رکھیں۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت
پشاور(نمائندہ وصال احمد)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک نظام کا جائزہ لینے کیلئے شہر بھر کے تمام سیکٹرز کا دورہ کیا۔ چیف ٹریفک آفیسر نے مختلف پوائنٹس پر وارڈنز اور اہلکاروں کی موجودگی کا جائزہ لیا اور شہریوں سے ٹریفک نظام سے متعلق مسائل بارے آگاہی حاصل کی جس کو شہریوں نے تسلی بخش قرار دیدیا جس پر ٹریفک نظام کی بلا تعطل روانی پر ٹریفک وارڈنز اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں تاکہ شہریوں کو دوران سفر کسی قسم کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک حکام تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے اور شہر بھر کے فٹ پاتھوں پر قائم کئے جانے والے عارضی اور مستقل تجاوزات کا خاتمہ کریں تاکہ ٹریفک کی روانی کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات درپیش نہ ہوں۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ڈی ایس پی رنگ روڈ کو ہدایت کی کہ وہ رنگ روڈ پر مال بردار گاڑیوں کو سڑک کنارے پارک کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کریں اور باقاعدہ گڈز ٹرانسپورٹ اڈہ جات میں جا کر اس حوالے سے مالکان اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کریں کہ وہ رنگ روڈ پر گاڑیوں کو پارک کرنے سے گریز کریں اور گاڑی میں لوڈ ان لوڈ اڈہ جات کے اندر ہی کیا کریں تاکہ ٹریفک نظام متاثر نہ ہو اور ہیوی وہیکلز اور بارگین مالکان پر کڑی نظر رکھیں تاکہ وہ اپنے حدود سے تجاوز نہ کریں اور لائن ڈسپلن کا خیال رکھیں جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے انہوں نے کہا کہ بارگین مالکان‘ مکینک اور گڈز اڈہ جات کے مالکان سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ٹریفک نظام متاثر نہ ہو۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ مرتکب افراد کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی.