سی ٹی او کا ٹریفک نظام و کورونا ایس او پیز کا جائزہ لینے کیلئے تہکال و یونیورسٹی روڈ کا دورہ

Spread the love

ٹریفک افسران اور وارڈنز کی بہتر کارکردگی کی تعریف‘ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت۔

کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت

پشاور(نمائندہ وصال احمد)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک نظام اور کورونا ایس او پیز کا جائزہ لینے کے لئے تہکال و یونیورسٹی روڈ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک نظام اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سمیت ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔اسی طرح سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کلیئر کرنے پر ٹریفک افسران اور وارڈنز کی کارکردگی کی تعریف کی اور ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائیں اور پلازوں میں پارکنگ کو ہر صورت میں یقینی بنائیں تاکہ شہری سڑک کے کنارے گاڑیاں کھڑی نہ کرے جبکہ مرتکب افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ بلا تعطل ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کا عملہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے آگاہی کا سلسلہ جاری رکھے کیونکہ اس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک عملے کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس سے متعلق شہریوں کو آگاہی دیں اور سیفٹی ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف کاررووائی کی جائے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں