جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم شہر و گردونواح میں سوڈا واٹر کی فیکٹریوں نے شہریوں میں بیماریاں پھیلانے کا ٹھیکہ لے لیا، متعدد شہری گلے سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہونا شروع۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر لی شہریوں کا ڈ ی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر کے گنجان آباد علاقوں میں سوڈا واٹرز فیکٹریوں کے مالکان نے مکان کرائے پر حاصل کر کے شہریوں میں بیماریاں تقسیم کرنے کی فیکٹریاں قائم کر لیں ناقص و غیرمعیاری سوڈا واٹر کے استعمال کی وجہ سے خواتین، اور بچے گلے سمیت دیگر مہلک بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔ سروے کے مطابق راتوں رات کروڑ پتی بننے کے خواب دیکھنے والے نام نہاد سفید پوشوں نے حفظان صحت کے اصولوں کے منافی کباڑیوں سے اونے پونے داموں کباڑ سے پرانی شیشے اور پلاسٹک کی بوتلیں خرید کر ان بوتلوں کو صاف کئے بغیر سوڈا واٹر سے بھرنا شروع کر رکھا ہے۔متعدد بوتلوں سے مکھیاں اور کچرے کے زرات برآمد ہونا روز کا معمول بن چکا ہے۔جس کے استعمال سے شہری بیماریوں میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں کا رخ اختیار کر رہے ہیں۔ مقامی سماجی تنظیموں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث مالکان اور ان کی سرپرستی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائیں جائیں تاکہ شہری موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں
