جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں امن امان کی صورتحال خراب، چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن گئی، چور صحافی کی موٹر سائیکل لے اڑے، صحافیوں کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں امن امان کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے شہر بھر میں دن دھاڑے چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں جس کی وجہ سے شہری خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں، جمعرات کے روزسٹی تھانہ کی حدود سیشن کورٹ روڈ پر واقع ایک ہوٹل کے باہر سے نامعلوم چور جیکب آباد کے صحافی عبدالنبی مگسی کی سی ڈی 2018ماڈل موٹر سائیکل لیکر فرار ہوگئے، صحافی عبدالنبی مگسی نے سٹی تھانہ پہنچ کر موٹر سائیکل چوری کی اطلاع دی، جیکب آباد کے صحافیوں عبدالرحمن آفریدی، زاہد حسین رند، عبدالغنی کھوسو،سجاد بھٹی، وکی کماروادھوانی، محمد یوسف رنداور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد میں امن امان کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے پولیس شہر میں امن قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اس لیے چوری کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ صحافی عبدالنبی مگسی کی موٹر سائیکل برآمد کرائی جائے۔
