پنجاب حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے، کے لیے تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر پوری توجہ مرکوز کی ہوئی ہے

Spread the love

ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم سے)پنجاب حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے، کورونا اور ڈینگی جیسی وبائی امراض کے تدارک اور تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر پوری توجہ مرکوز کی ہوئی ہے تاکہ عوام کی زندگیوں میں آسانی لائی جا سکے۔ ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ روزمرہ اشیاء صرف کی قیمتوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے تمام انتظامی اختیارات خصوصاً پرائس مجسٹریٹس کو فعال کرنا، منڈیوں میں نیلامی کی مانیٹرنگ اور طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے پر استعمال کر رہی ہے۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے اپنے دفتر میں پرنٹ میڈیا ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے صدر رانا مزمل سعید اور چیئرمین چوہدری الطاف الرحمن کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد خاور شہزاد، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر نبی دیوان اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق بھی موجود تھے۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل غیر جانبداری سے اجاگر کریں تاکہ انتظامیہ بروقت ایکشن لے کر انہیں دور کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے جو غیر جانبداری اور اصول پرستی کا متقاضی ہے اور ہر صحافی سے توقع ہے کہ وہ اصولون پر کاربند رہتے ہوئے اپنے فرائض ادا کریں گے۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے میڈیا نمائندگان پر زور دیا کہ وہ کورونا اور ڈینگی بارے چلائی جانے والی آگاہی مہمات میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ان امراض سے جلد چھٹکارہ حاصل کیا جا سکے۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد خاور شہزاد نے ڈویژن میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سا ہیوال ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 194منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں سے 117نئے ہیں۔ ان پر لاگت کا کل تخمینہ 31ارب 35کروڑ 50لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔اسی طرح کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 262سکیمیں مکمل کی جا رہی ہیں جن پر 2ارب 11کروڑ 50لاکھ روپے خرچ ہونگے جبکہ سوشل ایکشن پروگرام کے تحت 80کروڑ 80لاکھ روپے سے 130سکیمیں مکمل کی جا رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں کمشنر علی بہادر قاضی نے کہا کہ ساہیوال شہر کی ترقی کے لئے 18ارب روپے کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے ایک بڑے منصوبے پر عمل کیا جا رہا ہے جس کی تکمیل سے شہر کی اگلے 40سال تک کی ضروریات پوری ہونگی۔ اس کے علاوہ شہر کی عمومی ترقی کے لئے چیف سیکرٹری کی ہدایت پر ایک ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس سے شہر کی سڑکوں اور گلیوں کی ازسر نو تعمیر کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے بھی متعدد منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے چند ماہ میں ٹیچنگ ہسپتال میں زیر تعمیر سرجیکل وارڈ کی تکمیل سے مزید طبی شعبوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے علاقے کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے مسائل کی نشاندہی پر ساہیوال کے میڈیا نمائندگان کے کلیدی کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کے تعاون سے شہریوں کی مشکلات کم کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں