صحافیوں کی عزت نفس کو کسی صورت بھی مجروح نہیں ہونے دیا جائے گا،جہلم پریس کلب

Spread the love

جہلم(عمیراحمدراجہ +چوہدری دانیال عابد)صحافیوں کی عزت نفس کو کسی صورت بھی مجروح نہیں ہونے دیا جائے گا۔ صحافی اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے جہلم پریس کلب کے پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار جہلم پریس کلب کے صدر چوہدری عابد محمود، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد ریاض گوندل نے جہلم پریس کلب میں گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل کی دوسری سالگرہ کے موقع پر اخبار نویسوں سے مشترکہ گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور ریاست کا چوتھا ستون ہیں، جہلم کے صحافیوں نے ہمیشہ ضلع جہلم کے مسائل کی نشاندہی کی ہے بعض ادارے صحافیوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اپنا کر اپنے عیبوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں اور سرکاری اداروں کے افسران کی ازل سے کوشش رہی ہے کہ صحافیوں میں تفرقہ بازی کو پروان چڑھایا جائے تاکہ وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جہلم کی صحافی برادری کسی صورت صحافیوں کی عزت نفس کو مجروح نہیں ہونے دے گی۔ یہ ضلع ہمارے آباؤ اجداد کا ہے، اور ضلع جہلم میں ہونے والے اچھے اور برے کاموں کی نشاندہی کرنا ہمارا قانونی و اخلاقی حق ہے۔ انہوں نے کہاکہ جن اداروں کے افسران ایمانداری سے فرائض سر انجام دے رہے ہیں انہیں جہلم کی صحافی برادری سے کسی قسم کی پریشانی لاحق نہیں بلکہ جہلم کے صحافی ایسے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور جن سرکاری اداروں میں لوٹ مار کرپشن، رشوت کا بازار گرم ہے ان کی خامیاں اجاگر کرنا بھی جہلم کے صحافیوں کا فرض ہے۔ کرپٹ،بدعنوان اور راشی افسران و اہلکاروں کی نشاندہی کرتے رہیں گے۔صحافیوں میں تفرقہ بازی کا موجب بننے والے افسران واہلکار کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں