ملکی ترقی میں انتخابات کا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کا سوچا،وزیراعظم عمران خان

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روزلِلہ پنڈدادنخان روڈ کے سنگ بنیاد کے موقع پر کہا کہ مجھے فخر ہے کہ ہم نے ملکی ترقی میں انتخابات کا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کا سوچا،مجھے معلوم ہے کہ مہنگائی سے لوگ بہت پریشان ہیں، آئندہ دنوں میں پیکج لانے والے ہیں۔لِلہ تا جہلم دو رویہ سڑک کا سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کے اندر ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے، مختلف ممالک اپنے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کروارہے ہیں تاکہ شفاف عمل ہو لیکن مجھے حیرت ہے کہ ہماری اپوزیشن کو مشین سے کیوں ڈر لگ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ دور ہے کہ کس نے کیا کام کیا، موبائل فون پر باآسانی گوگل کرکے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں، کیا ملک میں بیرونی خسارہ سب سے بڑا تھا، باآسانی انٹرنیٹ پر جواب تلاش کیا جا سکتا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ ملک میں پائیدار ترقی کی جائے، جب ملک میں انتخابات نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کا سوچا جائے تو قوم ترقی کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چائنہ کی ترقی کا راز ہے کہ انہوں نے پائیدار ترقی کے بارے میں سوچا، سب سے پہلے انہوں نے غربت ختم کی اور پھر ترقیاتی منصوبے تشکیل دئیے، ایسا نہیں ہوتا کہ اربوں روپے مالکیت کی میٹرو بنا کر سوچا جائے کہ میں الیکشن جیت جاؤں گا، قوم ایسے آگے نہیں بڑھتی۔انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ ہم نے الیکشن کا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کا سوچا۔’آئندہ 10 برس میں 10 نئے ڈیمز تعمیر کئے جائیں گے‘وزیر اعظم عمران خان نے خبردار کیا کہ ملکی ترقی میں نمایاں کردار پانی کا بھی ہے، زمین موجود ہے لیکن قلت آب کے باعث کئی مسائل جنم لے رہے ہیں، جس میں قابل ذکر نقصان زراعت کو ہورہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قلت آب کی کمی کو پورا کرنے کے لیے گزشتہ 50 برس میں پہلی مرتبہ 3 بڑے ڈیمز بن رہے ہیں اور آئندہ 10 برسوں میں 10نئے ڈیمز بنیں گے، ان ڈیمز کی پلاننگ 40 سال پہلے ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے درخت لگانے کے منصوبے متعارف کروائے تو ہمارا مزاق اڑایا گیا، سابقہ حکومتوں نے جنگلات ختم کردئیے، نیشنل پارکس نہیں بنائے گئے، دنیا نے سابقہ حکومتوں کی تعریف نہیں کی۔عمران خان نے کہا کہ برطانوی وزیر اعظم موسمیاتی تبدیلی کے بارے پاکستان کی مثال دیتے ہیں، جس پر اپوزیشن مزاق اڑا رہی تھی۔’آئندہ دنوں میں ایک بڑا ریلیف پیکج لانے والے ہیں‘وزیر اعظم نے کہا کہ ورلڈ بینک کہتاہے کہ موجودہ حکومت میں غربت کم ہوئی ہے، مشکل وقت ہے لیکن مکمل اعتماد ہونا چاہیے ہم اس مہنگائی سے بھی نکل جائیں گے، مہنگائی کا بھاؤ بیرون ملک سے آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، آئندہ دنوں میں ایک بڑا ریلیف پیکج لانے والے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں 645 کلومیٹر جبکہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تین برس میں 1750 کلومیٹر سڑکیں بنائیں گئیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پانچ سالہ دور اقتدار میں سڑکیں تعمیر کرانے کے 2 ہزار ٹینڈرز ہوئے جبکہ ہمارے 3 سالہ دور میں 3 ہزار 238 کلو میٹر کے ٹینڈرز ہوچکے ہیں۔’لندن اور دیگر ممالک میں بیٹھ کر حکومت پر تنقید کرتے ہیں‘ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جہاں حکمران اور اس کے وزرا کرپشن کرتے ہوں، مسلم لیگ (ن) نے ایک ہزار ارب روپے سڑکوں کی مرمت میں لگائے، اس رقوم سے کئی بڑے کام ہوسکتے تھے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ لندن اور دیگر ممالک میں بیٹھ کر حکومت پر تنقید کرتے ہیں لیکن بڑی بڑی گاڑیاں چلارہے ہیں اور پرتعش محلات میں رہ رہے ہیں، یہ سارا پیسہ یہاں سے بیرون ملک منتقل ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے حکومت کے خلاف اپوزیشن ہر محاذ پر مخالفت کر رہی ہے اور حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں لیکن مجھے امید ہے کہ 5 سال بعد جب کارکردگی کا گراف سامنے آئے گا تو اپوزیشن کی دکانیں بند ہوجائیں گی۔اس موقع پر انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادحسین چوہدری سمیت ایف ڈبلیو او کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لِلہ تا جہلم دو رویہ سڑک پر 16 ارب روپے کی لاگت 128 کلومیٹر طویل سڑک 30 ماہ میں تعمیر ہوگی اور اس پر 16 ارب روپے لاگت آئے گی۔علاوہ ازیں یہ سڑک چکوال، خوشاب، منڈی بہاوالدین، گجرات اور میرپور کے درمیان رابطہ قائم کرے گی اور منصوبہ سیاحت کو فروغ، فارم سے منڈیوں تک رسد، روزگار میں اضافہ اور اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔وزیراعظم سیکرٹری ایٹ میں منعقد ہونے والی سنگ بنیاد کی تقریب میں جہلم، پنڈدادنخان کے شہریوں نے کو مدعو کیا گیا سنگ بنیاد کی تقریب کے بعد فواد چوہدری زندہ باد، وزیراعظم عمران خان زندہ باد کے نعروں سے ہال گونجتا رہا۔اس موقع پر وزیراعظم آذاد کشمیر، صدر آذاد کشمیر، وزیراعلیٰ پنجاب،ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 26 چوہدری ظفراقبال، کوآرڈینٹر حلقہ پی پی 26 چوہدری فراز حسین، کوآرڈینٹر حلقہ پی پی 27 چوہدری فیصل فرید، کوآرڈینٹر جہلم پریس کلب محمد شہباز بٹ، صدر جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد ریاض گوندل، صدر الیکٹرانک میڈیا مرزا امتیاز بیگ، جنرل سیکرٹری الیکٹرانک میڈیا عامرکیانی، سیاسی، سماجی، رفاعی، فلاحی، کارروباری تنظیموں کے عمائدین سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں