جہلم کینٹ بائی پاس ناقص تعمیر پر کروڑوں روپے کی گرانٹ ضائع ہوگئی

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم کینٹ بائی پاس ناقص تعمیر پر کروڑوں روپے کی گرانٹ ضائع ہوگئی،محکمہ ہائی وے کی نااہلی وغفلت کیوجہ سے نئی تعمیر ہونیو الی سڑک گڑھو ں میں تبدیل، قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان، شہریوں کا چیئرمین نیب، ڈی جی اینٹی کرپشن سے تحقیقات کروانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق کینٹ بائی پاس روڈ جو محض چند ماہ قبل کروڑوں کی لاگت سے مکمل ہوئی اورعام ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے۔سڑک میں ناقص و غیر معیاری میٹریل کے بے دریغ استعمال،بہتر کمپیکشن نہ ہونے کے سبب بجری باہر نکل آئی ہے جس کیوجہ سے سڑک پر جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں، محکمہ ہائی وے کے ایگزیکٹو انجینئر سب ڈویژنل آفیسر، اور سب انجینئر کی عدم دلچسپی کیوجہ سے ٹھیکیدار نے انتہائی ناقص و غیر معیاری میٹریل کا استعمال کیا ہے جس کیوجہ سے اکثر و بیشتر مقامات پر سڑک گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہے،پلیاں خستہ حال ہو چکی ہیں جس کیوجہ سے سڑک پر جگہ جگہ جمپ بن چکے ہیں، محکمہ ہائی وے کے متعلقہ افسران کی عدم توجہی کیوجہ سے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑک موہنجوداڑو کی منظر کشی کر رہی ہے، جس کیوجہ سے شہریوں کی قیمتی گاڑیاں و موٹر سائیکل کھٹارہ بنتی جارہی ہیں شہریوں نے چیئرمین نیب، ڈی جی اینٹی کرپشن سے مطالبہ کیاہے کہ چند ماہ قبل جس سڑک کا افتتاح ہوا چند ماہ کے اندر کیسے گڑھوں میں تبدیل ہوئی کی انکوائری کروائی جائے غفلت کے مرتکب افسران و اہلکاروں اور ٹھیکیدار کے خلاف فوجداری مقدمات کا اندراج کرواکر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ذمہ داران سے لوٹی گئی رقم واپس جمع کروائی جائے تاکہ شہری ازیت سے بچ سکیں۔ موقف جاننے کے لئے ایگزیکٹو انجینئر ہائی وے کے دفتر رابطہ قائم کیا گیا تو عملے نے بتایا کہ صاحب ضروری میٹنگ کے سلسلے میں لاہور گئے ہوئے ہیں اگر وہ اپنا موقف دینا چاہیں توا ن کا موقف بھی من و عن شائع کیاجائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں