جہلم پریس کلب کی عمارت میں ایک پر وقار محفل سخن سجائی گئی

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم گزشتہ روز ادبی تنظیم جہلم ادبی فورم اور سرائے عالمگیر کی معروف ادبی تنظیم کاروان ادب کے زیر اہتمام ضلع جہلم سے تعلق رکھنے والے شاعر جو لندن میں طویل قیام کے بعد حال ہی میں وطن واپس لوٹے ہیں کے اعزاز میں جہلم پریس کلب کی عمارت میں ایک پر وقار محفل سخن سجائی گئی۔جس کی صدارت اردو پنجابی کے صاحب اسلوب شاعر انجم سلیمی نے کی، مہمان خصوصی کوہاٹ سے تشریف لائے ہوئے بہت عمدہ شاعر اور محبت کرنے والے انسان شاہد زمان تھے سٹیج پر ان دو حضرات کے ساتھ ساتھ صاحب شام سلیم فگار،سید انصر،ارشد شاہین اور مرزا سکندر بیگ تشریف فرما تھے،تلاوت کلام پاک کی سعادت احسان شاکر کے حصے میں آئی جبکہ تنویر طاہر کیانی نے جہلم کے عظیم شاعر جناب اقبال کوثر مرحوم کی لکھی ہوئی نعت کے ذریعے بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہء عقیدت پیش کیا۔ عمدہ ترین شاعری اور مسحور کن آواز نے سماں باندھ دیا اس کے بعد مشاعرے کا آغاز ہوا حاضرین نے اپنا اپنا کلام پیش کرتے ہوئے خوب داد سمیٹی۔ ہال میں شعراء سمیت باذوق سامعین کی کثیر تعداد موجود تھی جنہوں نے ہر اچھے شعر پر داد دے کر شعراء کی حوصلہ افزائی کی جن شعرا نے کلام پڑھا ان کے اسمائے گرامی کی تفصیل کچھ یوں ہے محمد معاویہ، نعمان نومی، صدام حسین، ربیعہ انمول،احسان شاکر، تنویر طاہر کیانی،سید قمبر علی، عاصمہ ناز، نوشی ملک (اسلام آباد)، امجد میر،سید ابن مظہر، اقبال احمد قمر، سکندر بیگ، ارشد شاہین،سید انصر، شہزاد قمر، صدیق سورج، سلیم فگار، شاہد زمان، انجم سلیمی شام سلیم فگار نے اپنے اعزاز میں بزم آرائی کیلئے دونوں ادبی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا اور بہترین کلام سنا کر حاضرین کے دل مو ہ لئے، مہمان خصوصی شاہد زمان نے اپنا کلام سنانے سے قبل جہلم کی ادبی تاریخ پر روشنی ڈالی اور یہاں کی بزرگ و نوجوان ادبی شخصیات کی روداد سناتے ہوئے درد انگیز انداز میں امداد ہمدانی اور اقبال کوثر سے ملاقاتوں کا احوال بیان کیا اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اپنا خوبصورت کلام پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا آخر میں صاحب صدارت معروف شاعر انجم سلیمی نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا، جدا گانہ لب و لہجہ پر مشتمل کلام سنا کر خوب داد حاصل کی اقبال احمد قمر نے نہایت عمدگی سے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے آخر میں معزز حاضرین کو ہدیہ ء تشکر پیش کیا۔ یادگار محفل کے انعقاد کے لئے ہال فراہم کرنے پر صد ر و اراکین جہلم پریس کلب کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں