
ساہیوال ( چوہدری محمد آ صف ندیم )ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں خون کی کمی کے عالمی دن کے موقع پر شعبہ امراض نسواں و زچہ بچہ کے زیر اہتمام واک کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹر، نرسز، میڈیکل طلباء و طالبات اور پیرامیڈیکل سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ، ہیڈآف گائنی ڈاکٹر صفیہ اظہار، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر زریں امجد، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حنا الیاس، ڈاکٹر سعیدہ بانو، ڈاکٹر راشدہ طارق کے علاوہ فیکلٹی ممبران میں ڈاکٹر ہارون گیلانی، ڈاکٹر نجم الثاقب، ڈاکٹر حصیف رضا، ڈاکٹر ساجد مصطفی، ڈاکٹر اختر محبوب، ڈاکٹر حافظ محمد امجد، ڈاکٹر اسرار ظفر، ڈاکٹر سلیم ہاشمی اور ڈاکٹر فرخ شہزاد نے بھی شرکت کی۔ واک کے اختتام پر ہیڈآف گائنی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر صفیہ اظہار نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کی رپورٹ کے مطابق 40فیصد خواتین خون کی کمی کا شکار ہوتی ہیں اور پاکستان میں یہ شرح 60سے70فیصد تک ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں خون کی کمی کی بڑی وجہ ناقص غذا، ادویات کا وقت پر نہ لینا اور بچوں میں مناسب وقفہ نہ ہونا ہے اور خون کی کمی کا شکار عورتیں دوران حمل اور زچگی کے دوران پچیدگیوں کا زیادہ شکار ہوتی ہیں اور اسی وجہ سے پاکستان میں دوران زچگی خواتین کی شرح اموات زیادہ ہے جس کی سب سے بڑی وجہ خون کی کمی ھے۔ مناسب خوراک،حمل کے دوران باقاعدگی سے چیک اپ کروانا اور دواوں کو وقت پر پابندی سے لینا اس کمی کو دور کر سکتا ہے۔ پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماؤں کی صحت ہی صحت مند بچے کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خون کی کمی کو پورا کرنے کے لئے خواتین کو گوشت، انڈے اور پتوں والی سبزیوں کا استعمال زیادہ کر نا چاہئے۔