بیمار لاغر، مردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت کا سلسلہ جاری

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآزاد)جہلم ضلع بھر میں مرغیوں کے گوشت کی دکانوں پر بیمار لاغر، مردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت کا سلسلہ جاری،شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے، لاغر، بیمار، مردہ اور نیم مردہ برائلر مرغیوں کو سستے داموں فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی اور جرمانے کرنے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں گوشت کی دکانوں پرمردہ، نیم مردہ، بیمار مرغیوں کے گوشت کی فروخت کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے دکانوں پر مکھیوں اور جراثیم سے بھرپور مرغیاں سستے داموں سیل سنٹروں سے مخصوص ہوٹلوں،ریسٹورنٹس سمیت فاسٹ فوڈ کی دکانوں پر فروخت کی جارہی ہیں، اور یہ سیل سنٹر رات گئے تک کارروبار جاری رکھتے ہیں، لاغر اور بیمار مرغیاں صرف چند گھنٹوں کی مہمان ہوتی ہیں جنہیں چار وناچار تیزی سے ذبح کرکے شہریوں کو ضلعی حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں سے بھی زیادہ نرخوں پر فروخت کردیا جاتا ہے، سیل کے نام پرشہریوں کو بے وقوف بنانا روز مرہ کا معمول بن چکا ہے، انتظامیہ نے آج تک اس طرف کوئی توجہ نہیں دی کہ حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں سے زائد مہنگا گوشت فروخت کرنے کا رجحان عام پایا جاتا ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ان مردہ اور نیم مردہ مرغیوں کو ذبح کرنے کے بعد باقی ماندہ آلائشیں کو بھی گھی بنانے والے بااثرافراد کے ہاتھوں فروخت کر دیا جاتا ہے جو چربی پگھلا کر سستے گھی کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے اور یہ سستا گھی شہر کی بیکریوں ہوٹلوں اور دیگر فوڈ پوائنٹس پر سرعام استعمال کیا جاتا ہے جس سے شہریوں کو ہیپاٹائٹس، پیٹ، معدے، دل اور انٹریوں کی بیماریوں کا شکاربنایا جارہاہے، شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع بھر میں مرغیوں کاگوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کے لئے ایس او پیز بنائیں جائیں اور اس پر عملدرآمد کروایا جائے تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں