جہلم ٹریفک مسائل بے قابو

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی) جہلم ٹریفک مسائل بے قابو، شاندار چوک، تحصیل روڈ، ریلوے روڈ، سول لائن روڈپر ٹریفک کا جام رہنا روزانہ کا معمول بن گیا،شاندار چوک سے ملحقہ سڑکوں پر چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے رکشے کھڑے کرکے ٹریفک کے شدید مسائل پیدا کررکھے ہیں جس کیوجہ سے شہری سخت پریشان، ٹریفک پولیس کے پاس نفری کم، تجربہ کار سٹاف ناپید، شہریوں کا ٹریفک مسائل کے حل کے لئے اقدامات کرنے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق شہر میں ٹریفک کے بے ہنگم نظام نے شہری و کارروباری حلقوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے، ٹریفک پولیس ٹریفک نظام کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام، ٹریفک پولیس کے ذمہ داران نفری میں کمی اور دیگر مسائل کو بنیاد بنا کر ٹریفک کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں، جبکہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کا عملہ بھی تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جس کیوجہ سے ٹریفک کے مسائل میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے وسط میں واقع شاندار چوک کے چاروں اطراف رکشہ ڈرائیوروں نے سڑکوں پر رکشے کھڑے کرکے شہریوں کے لئے بے پناہ مسائل پیدا کررکھے ہیں، ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار رکشہ ڈرائیوروں کے سامنے بے بس دکھائی دیتے ہیں جس کیوجہ سے ٹریفک کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہاہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر قائم ہونے والے نجی ہسپتالوں، سرکاری اداروں، سمیت کارروباری مراکز کے مالکان نے میونسپل کمیٹی کی سرپرستی کیوجہ سے پارکنگ کے لئے 1 انچ بھی جگہ نہیں چھوڑی جس کیوجہ سے نجی ہسپتالوں، سکولوں، بینکوں، سرکاری و نجی اداروں کے افسران و ملازمین دکاندار اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں سڑکوں پر کھڑا کرکے شہریوں کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات، کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم اندرون شہر کی سڑکوں پر تعمیر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات اور رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہر کے اندر پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں