ساہیوال 14 دسمبر ( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں )پنجاب کونسل آف دی آرٹس ساہیوال میں ہاتھ سے لکھے قرآن پاک حجم میں دُنیا کے سب سے بڑے نُسخے کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔41 فٹ لمبے اور 8 فٹ چوڑے نسخے کو لکھنے کی سعادت سید امتیاز حسین شاہ نورانی مجددی نے حاصل کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے قلمی نسخے کی نمائش کا افتتاح کیا۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل غلام عباس فراست،سرکاری افسران،میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قلمی نسخے کی نمائش میں شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اورقلمقار کے جذبہ کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے آرٹس کونسل کی انتظامیہ کو متبرک نمائش کے اہتمام پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کا نسخہ ہاتھ سے لکھنا کسی سعادت سے کم نہیں ہے۔ انہو ں نے کہا کہ قلمکار نے شاندار کاوش کرکے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیاہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر آرٹس کونسل غلام عباس فراست نے کہا کہ کہ ساہیوال آرٹس کونسل میں آئندہ بھی اس طرح کے پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔
