جیکب آباد(نامہ نگار) تحریک انصاف کے سندھ حقوق مارچ میں کتنے آدمی تھے؟ تحریک انصاف، اپوزیشن، صحافی اور پولیس نے تعداد بتادی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے جیکب آباد کے ڈی سی چوک پر منعقدہ سندھ حقوق مارچ میں کتنے آدمی تھے؟ اپوزیشن جماعتوں، صحافی، پولیس اور تحریک انصاف نے تعداد بتادی۔ تحریک انصاف کے مقامی رہنما راز خان پٹھان کے مطابق سندھ حقوق مارچ میں 6ہزار سے زائد لوگ شامل تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے ضلع صدر میر لیاقت لاشاری اور جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کے مطابق جلسے میں 200سے 300لوگ ہی تھے،جماعت اسلامی کے امیر حاجی دیدار لاشاری کے مطابق تحریک انصاف کے پروگرام میں شہر کے تقریباً دو درجن لوگوں نے ہی شرکت کی ہے البتہ پروگرام میں شامل چند سو افراد باہر سے آئے ہوئے تھے۔ مقامی صحافیوں کے مطابق تقریباً 500لوگ شریک تھے جبکہ پولیس کے مطابق 250سے 300لوگ موجود تھے۔
