شیر شاہ سوری کے نام سے منسوب روہتاس روڈ انتہائی ٹوٹ پھوٹ کا شکار

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)جہلم شیر شاہ سوری کے نام سے منسوب روہتاس روڈ انتہائی ٹوٹ پھوٹ کا شکار، منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں سمیت ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی، شہری سراپا احتجاج، وزیر اعلیٰ پنجاب سے روہتاس روڈ تعمیر کروانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کے سینکڑوں دیہات اور 2 تحصیلوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر سے ملانے والی اکلوتی سڑک جو چند کلو میٹر تک گہرے گڑھوں میں تبدیل ہو کررہ گئی ہے،روہتاس روڈ سے ملحقہ علاقے جن میں گھرمالہ، ملوٹ، سنگھوئی، چوٹالہ، داراپور، مصری موڑ، جلالپور شریف، پنڈی سید پور، پنن وال، دھریالہ جالپ، ہرن پور، پنڈدادنخان روڈ ناقص و غیر معیاری میٹریل کے استعمال کے باعث گہرے گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہے جس کیوجہ سے شہریوں کی قیمتی گاڑیاں موٹر سائیکلیں کھٹارہ گاڑیوں میں تبدیل ہو رہی ہیں جس کی بنیادی وجہ محکمہ پراونشنل ہائی وے کی ملی بھگت ہے، 2 سال قبل روہتاس روڈ اور مصری موڑ تا دھریالہ جالپ روڈ کروڑوں روپے کی لاگت سے نئی تعمیر کی گئی ناقص تارکول، ناقص بجری کے استعمال کی وجہ سے محض 2 سال قبل تعمیر ہونے والی سڑک موہجوداڑو کی منظر کشی کر رہی ہے، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پراونشل ہائی وے کے ذمہ داران کی آشیر باد کیوجہ سے ٹھیکیداروں نے دل کھول کر ناقص و غیر معیاری میٹریل کا استعمال کیا جس کیوجہ سے ملکی خزانے سے نکالے گئے کروڑوں روپے محض 2 سالوں کے اندر ضائع ہوگئے، ضلع جہلم کے شہریوں نے چیئرمین نیب سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ روہتاس روڈ اور جلالپور شریف روڈ کی تعمیر کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف انکوائری کروائی جائے اور ملکی خزانے کو بے دردی کے ساتھ لوٹنے والے ٹھیکیدار اور متعلقہ محکمہ کے ذمہ داران سے لوٹی گئی رقم واپس سرکاری خزانے میں جمع کروانے کے ساتھ ساتھ ملوث ٹھیکیداروں و سرکاری افسران کے خلاف فوجداری مقدمات کا اندراج کروایا جائے تاکہ وطن عزیز کی دولت کو بے دردی سے لوٹنے والے عبرت کا نشان بن سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں