گلگت (پ ر) عوامی شکایات پر میٹ انسپکٹر ڈاکٹر مشتاق عالم کا میونسپل مجسٹریٹ احمد اقبال کے ہمراہ زائد منافع خوری پر قصائیوں کے خلاف زبردست کریک ڈاون، نصف درجن قصائیوں کو تحصیل آفس پہنچادیا، اوپن ٹرائل کے ذریعے جرم ثابت ہونے پر جرمانے کئے، جبکہ متعدد قصائیوں کو قانونی نوٹسز جاری کردئے۔ قصائی حضرات اپنا قبلہ درست کریں بصورت دیگر دکانوں کو سیل، لائسنس منسوخ اور جیل کی سزائیں دی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز اسسٹنٹ کمشنر، ایڈ منسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ و چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی گلگت کیپٹن (ر) اریب احمد مختار کے حکم پر میٹ انسپکٹر ڈاکٹر مشتاق عالم نے بلدیہ فورس کے جوانوں کے ہمراہ زائد نرخناموں کی وصولیوں پر شہرکے قصائیوں کے خلاف زبردست چھاپہ مار کاروائی کے دوران 06 قصائیوں کو گرفتار کرکے تحصیل آفس پہنچادیئے، اوپن ٹرائیل کے بعد جرم ثابت ہونے پر جرمانوں کی سزا دی جبکہ متعدد قصائیوں کو قانونی نوٹسز جاری کئے، انہوں نے قصائیوں تنظیموں سے کہا کہ وہ قصائیوں کو نظم وضبط کو سمجھادیں، عوام کو مہنگائی کے دلدل میں نہ ڈالیں، چند پیسوں کی لالچ میں خود کو گندا نہ کریں، اگر قصائیوں نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو انکے خلاف پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت سخت کاروائی کی جائے گی۔
