جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)جہلم حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تو کم کر دیں پر کرایے کم نہ کروا سکی، پٹرول کی قیمت فی لیٹر 120 روپے تھی تو ٹرانسپورٹر مافیا کرایے ڈبل وصول کر رہے تھے اب پٹرول 74 روپے فی لیٹر ہونے کے باوجود بھی کرایوں میں کمی نہیں ہو سکی۔چنگ چی رکشہ ڈرائیور بھی کسی سے کم نہیں آج بھی 1 کلو میٹر کا 30 روپے فی سواری کرایہ وصول کیا جا رہاہے، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی، شہری ٹرانسپورٹرز کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور، مسافروں نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا، تفصیلات کے مطابق اندرون شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں چلنے والی ٹرانسپورٹ جس میں بسیں، ویگنیں،ہائی ایسسز، چنگ چی و آٹو رکشہ شامل ہیں شہریوں سے وہی پرانے کرایے وصول کرکے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں، ضلع جہلم میں بے لگام ٹرانسپورٹرز کو کنٹرول کرنے والے ادارے کہیں نظرنہیں آتے، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی فرضی کارروائیاں کرکے کاغذوں کا پیٹ بھرنے میں مگن ہیں، 46 روپے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجود سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، پنجاب روڈ اتھارٹی کے مقررہ کردہ کرایوں پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں، بااثر ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی کی بجائے 100 فیصد اضافہ کرکے شہریوں کی کھال ادھیڑنی شروع کر رکھی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے افسران غریب عوام کا تماشہ دیکھ کر ٹھنڈے کمروں میں لطف اندوز ہو رہے ہیں، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ڈی ایس پی ٹریفک کو مقررہ کردہ کرایوں پر عملدرآمد کروانے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری ٹرانسپورٹروں کی لوٹ مار سے محفوظ رہ سکیں۔
