جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم جادہ کے مقام پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کے لئے مختص کردہ جگہ پر فلتھ ڈپو قائم، گندگی کے ساتھ ساتھ استعمال شدہ سرنجز بلڈ بیگز اور اور ڈرپس کے پلاسٹک بھی پھینکے جانے لگے، علاقہ مکین سراپا احتجاج، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق جادہ کے مقام پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کے لئے مختص کردہ جگہ پر میونسپل کارپوریشن کے عملے نے فلتھ ڈپو میں تبدیل کر دیا جہاں روزانہ کی بنیاد پر کئی من کوڑا پھینک دیاجاتا ہے میونسپل کارپوریشن کے سینٹری ورکرز گلی محلوں سے گندگی اٹھا کر فلتھ ڈپو میں منتقل کرنے کی بجائے گرلز سکول کے لئے مختص کی گئی جگہ پر پھینک کر گندگی کے ٹیلے لگا رہے ہیں، قابل زکر بات یہ ہے کہ سینٹری ورکرز نجی ہسپتالوں سے جمع ہونے والی استعمال شدہ سرنجز بلڈ بیگز اور اور ڈرپس کی پلاسٹک کی بوتلیں بھی اسی مقام پر پھینکتے ہیں اس طرح دن بھر علاقہ مکینوں کے مویشی اور چرند پرند انہیں گندگی کے ڈھیروں سے خوراک حاصل کرتے دکھائی دیتے ہیں جن کے ذریعے زہریلے جراثیم منتقل ہوتے ہیں جو کہ شہریوں و بچوں کی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ہیں، موجودہ حالات کے پیش نظر کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے باقاعدہ حکومت نے ایس او پیز متعارف کروارکھے ہیں جس کے تحت ماسک کو بھی بند شاپنگ بیگ میں ڈال کر تلف کرنے کا حکم جاری کیا گیاہے، اس کے بر عکس میونسپل کارپوریشن کے سینٹری ورکرز گلی محلوں کا کوڑے کرکٹ سمیت ہسپتالوں کا فضلہ جس میں استعمال شدہ سرنجز بلڈ بیگز اور ڈرپس کی بوتلوں کا پھینکنا شہریوں کے لئے تشویش کا باعث ہے، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہسپتالوں کا کوڑا کرکٹ نہ صرف ماحول بلکہ انسانی صحت کے لیے بھی انتہائی مضر ہے اور اس کو ٹھکانے لگانے کے لیے قانون میں ایک باقاعدہ نظام موجود ہے،اس طرح کھلے عام استعمال شدہ سرنجز بلڈ بیگز اور اور ڈرپس کی پلاسٹک کی بوتلیں کا پھینکنا نہ صرف قوانین کی خلاف ورزی بلکہ عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ ہے، علاقہ مکینوں نے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کا عملہ گندگی کو فلتھ ڈپو میں منتقل کرنے کی بجائے سرکاری سکول کے لئے مختص کی گئی اراضی میں پورے محلے کی گندگی پھینک کے علاقہ مکینوں کو موذی امراض میں مبتلا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں،علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر، محکمہ ماحولیات کے ذمہ داران کو جادہ کے مقام پر گرلز ہائی سکول کے لئے مختص کئی گئی جگہ کا دورہ کرنے اور میونسپل کارپوریشن کے سینٹری ورکروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
