آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے کرونا وائرس انفیکشن کے علاج میں کارآمد ثابت ہونے والی دوا ڈیکسامیتھاسون

Spread the love

لندن (عارف چودھری ) آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے کرونا وائرس انفیکشن کے علاج میں کارآمد ثابت ہونے والی دوا ڈیکسامیتھاسون گزشتہ کئی دہائیوں سے استعمال کی جانے والی ایک سستی دوا ہے جسے کورونا وائرس کے حملے کے بعد سانس لینے میں مشکلات کا سامنا کرنے والے مریضوں کو پہلے ہی کئی ممالک بشمول پاکستان میں استعمال کرایا جا رہا ہے۔پاکستانی ماہرین کے مطابق یہ دوا پاکستان میں بھی گزشتہ 60 سالوں سے دمہ اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو استعمال کروائی جا رہی ہے۔معروف پاکستانی ماہر امراض سینہ پروفیسر سہیل اختر کے مطابق ڈیکسامیتھاسون ایک کورٹی زون ہے جو کہ اسٹیرائڈ کی ایک قسم ہے جسے دمہ اور سانس لینے میں تکلیف والے مریضوں میں گزشتہ کئی دہائیوں سے استعمال کروایا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اب چونکہ بی بی سی نے اس دوا کی کرونا وائرس میں افادیت کا بتایا ہے تو اس دوا کا نام ہر شخص کی زبان پر ہے۔پروفیسر سہیل اختر کا کہنا تھا دنیا بھر کے ماہرین اس دوا کو نظام تنفس میں سوزش کم کرنے یا ختم کرانے کے لئے استعمال کراتے ہیں، اس کے علاوہ اس کا استعمال الرجی کے خاتمے، جلدی بیماریوں اور حمل کے دوران ہونے والی پیچیدگیوں میں بھی کروایا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں