ضلعی انتظامیہ نے عوام کو اشیاء صر ف کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے پرائس چیکنگ کا عمل جاری رکھا

Spread the love

بہ تسلیمات ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال 02 جولائی 2020

ساہیوال(آصف ندیم )ضلعی انتظامیہ نے عوام کو اشیاء صر ف کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے پرائس چیکنگ کا عمل جاری رکھا ہوا ہے اور ضلع بھر میں تعینات پرائس مجسٹریٹس نے جون میں اشیاء صرف مہنگی فروخت کرنے کی 450خلاف ورزیوں پر دوکانداروں کو 8لاکھ 79ہزار5سو روپے جرمانہ عائد کیا -یہ بات ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید کو ان کے دفتر میں پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی اجلاس میں بتائی گئی -اجلاس میں بتایا گیا کہ سال کے پہلے 6ماہ کے دوران قیمتوں میں استحکام لانے اور اوور جارچنگ کے خلاف 38247ریڈ کئے گئے جن میں 4164خلاف ورزیوں پر 52لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 5مقدمات بھی درج کئے گئے -ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے پرائس مجسٹریسٹ کی کارکردگی کا انفرادی جائزہ بھی لیا اور ہدایت کی کہ عوام کو تمام اشیاء صرف مقررہ سرکاری نرخوں پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور شکایت کی صورت میں فوری داد رسی کی جائے -انہو ں نے قیمت ایپ پر آنے والی ہر شکایت کو 2گھنٹے میں حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی تمام تر توجہ عوام کو مصنوعی مہنگائی سے ریلیف دینا اور انہیں سبزیوں اور پھلوں سمیت تمام ضروری اشیاء کنٹرول نرخوں پر فراہم کرنا ہے -اجلاس میں ضروری اشیاء صرف کی سٹاک پوزیشن کا بھی جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 22لاکھ88ہزار3سو کلو گرام چاول کا سٹاک موجود ہے جو 3ماہ کی ضروریات کے لئے کافی ہے -اسی طرح چینی ایک لاکھ43ہزارکلو موجود ہے جو 15دن کی ضرورت پوری کر سکتی ہے -اجلاس میں دالوں کی سٹاک پوزیشن کا بھی جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ دال چنا 59ہزار 8سو کلو،دال مونگ15ہزار6سو کلو،دال ماش 10ہزار2سو کلو اور دال مسور 14ہزار7سو کلو سٹاک میں موجود ہے جو ضلع کے عوام کی 10دن کی غذائی ضرورت کے لئے کافی ہے -ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے
انجمن تاجران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنی سٹاک پوزیشن سے انتظامیہ کو مسلسل آگاہ رکھیں اور عوام کی ضرورت کے مطابق اشیاء صرف کا مناسب ذخیرہ بھی یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں