بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں نے غریب عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ حافظ عبدالحمید عامر

Spread the love

حکومت اپنی شاہانہ مراعات کم کرکے عوام کو سکھ کا سانس لینے دے۔
جہلم (محمد زاہد خورشید )بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں نے غریب عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے مرکزی جامع مسجدچوک اہل حدیث میں ایک اجتماع میں بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اور ناجائز ٹیکسز میں آئے روز ہوش ربا اضافہ لگانے کے خلاف مذمتی قرار داد پیش کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور مظلوم عوام کی چیخ و پکار کو سنیں۔ بجلی بلوں میں حالیہ ٹیکسوں نے عوام سے منہ کا نوالا تک چھین لیا ہے، مجبور اور بے بس لوگ خود کشی پر مجبور ہو گئے ہیں، لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ حکومتی عہدیداروں کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے بھاری بل اس وقت غریب عوام کی آمدن سے بڑھ چکے ہیں جس سے لوگ اپنی بچیوں کے زیورات کو بیچ کر بجلی کے بل ادا کر رہے ہیں اورنوبت بایں جارسیدکہ گھروں میں لڑائی جھگڑے اور بعض لوگ خود کشی پر مجبور ہو گئے ہیں، ہم حکومت کوباور کرانا چاہتے ہیں کہ بے بس عوام کو سول نافرمانی پر مجبور نہ کیا جائے اور پھر اس سیلاب کو روکنا مشکل ہو جائے گا، اس سے پہلے عوام کو اس ظلم سے نجات دلوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ ملک قرضوں تلے دب رہا ہے، ملک کے غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، مگر حکمرانوں کے شاہانہ مراعات میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے، جس سے صاف پتہ چل رہا ہے کہ ان حکمرانوں میں عوام کے دکھوں کا احساس تک جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت وقت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ بجلی کے بلوں میں حالیہ ظالمانہ ٹیکسوں کو ختم کیا جائے اورعوام کو مہنگائی میں ریلیف دیا جائے اور اگر ہمارے اس مطالبے پر عمل نہ کیا گیا تو عوام سڑکوں میں نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں