جہلم ملکی مفادات کے لیے متحد ہوکر آزادی کی حقیقی نعمت سے مستفید ہو سکتے ہیں

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہر عباس)جہلم ملکی مفادات کے لیے متحد ہوکر آزادی کی حقیقی نعمت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ جشن آزادی کے موقع پر غیر اسلامی طور طریقوں کے بجائے شکرانے کے نوافل اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد کرنا چاہیے۔ کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزاد کروانے کے لیے حکومت ہر فورم پر عملی کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جماعت اہلسنت کے ضلعی امیر سید خلیل حسین کاظمی نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پوری پاکستانی قوم سراپا احتجاج اور یوم استحصال کشمیر پر پاکستانیوں کے انڈین جارحیت کے خلاف مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھر پور ہمدردی کے جذبات عیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ ایک سال سے کرفیو نافذ ہے جو کہ قابل مذمت عمل ہے، یوم استحصال عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے مترادف ہے۔ اقوام عالم کو کشمیریوں کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا ہے کہ گذشہ برس بھارتی پارلیمنٹ نے کشمیر کی انتظامی حیثیت تبدیل کرنے کیلئے آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کرنے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہوئی مگر کشمیری عوام نے اس ظالمانہ اقدام کو مستردکردیا۔اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں کی خلاف ورزی پر نوٹس لینا چاہیے۔بھارت کے اس اقدام سے خطے میں امن و امان کی صورتحال غیر یقینی کیفیت پیدا ہو چکی ہے،عالمی برادری کا فرض ہے وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر بھارتی ظلم و بربریت نے ان کی نام نہاد جمہوریت کا پردہ چاک کردیا ہے۔حق خود ارادیت کشمیری قوم کا حق ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے پوری دنیا نے تسلیم کیا۔ غاصبانہ قبضے سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبایا نہیں جاسکتا۔کشمیری رہنماؤں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اورپاکستانی قوم ہرمشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباؤڈالے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم انسانی تاریخ میں سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں