جہلم(اختر شاہ عارف)”یومِ یکجہتی کشمیر”کے حوالے سے آج مورخہ 05-فروری2025ءکو سی ڈی سی اور ایم سی ڈبلیو اے رجسٹرڈ المرکزجہلم کے زیرِ اہتمام ریلی نکالی گئی۔جو ڈپٹی کمشنر آفس جہلم سے شروع ہو کر وائی کراس پر اختتام پذیر ہو گئی۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔جس پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور کشمیر کی آزادی کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ریلی کے اختتام پر المرکزجہلم کے کمیٹی روم میں یومِ کشمیر کے حوالے سے ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ڈاکٹر شاہد تنویر،ڈاکٹر محمد اسد مرزا،کرنل(ر)محمد عبید مرزا،شاہد جلیل سیٹھی،میجر(ر) ذرغون گل خان،احسان شاکر،استاد عبدالرحمان مانی،سید اختر علی شاہ،سیدہ شاہدہ شاہ،مسز فلک ناز سیٹھی،ڈاکٹر عائشہ مرزا،سعدیہ مزمل، اور دیگر عہدیداران و ممبران کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کے بعد ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا گیا۔اس کے بعد تمام حاضرین نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔قومی ترانے کے بعد تمام مرحومین کی ارواح کے ایصالِ ثواب کے لیئے فاتحہ خوانی اور تمام بیماروں کی صحت یابی کے لیئے اجتماعی طور پر دعا مانگی گئی۔
مقررین نے اس دن کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔کہ کشمیر جس کے بارے میں قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا۔کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔”قیامِ پاکستان کے وقت ہی ایک سازش کے تحت اس ریاست کی حیثیت کومتنازع بنا دیا گیاتھا۔ بعد میں پاکستان کی تمام حکومتوں نے اس مسلئے کو جلد از جلد حل کرانے کی بھرپور کوشش کی۔اسے بین الاقوامی سطح پر بھی اجاگر کیا گیا۔ مگر بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث آج تک حل نہ ہو سکا۔اس حوالے سے پاکستان اور بھارت میں دو تین بار جنگ بھی ہوئی۔مگر یہ مسلئہ ابھی تک جوں کا توں ہی ہے۔ مقررین نے کہا۔ہمیں یہ کبھی بھی نہیں بھولنا چاہیئے۔کہ قیام پاکستان کے وقت ہی کشمیری عوام نے استصواب رائے سے پاکستان سے الحاق کا فیصلہ دے دیا تھا۔جس پر بہت ساری وجوہات کی بنا پر عمل نہ ہو سکا۔ضروت اس امر کی ہے۔کہ ہم ہر فورم پر کشمیر کے حوالے سے آواز اٹھائیں- اور اپنی آنے والی نسلوں کو بھی اس حوالے سے بتائیں۔کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔ جس پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے۔
آخر میں کشمیری عوام کی ہمت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کشمیر کی جلد از جلد آذادی کے لیئے صدق دل سے دعائیں مانگی گئیں۔جس کے بعد یہ پروگرام اختتام پذیر ہو گیا۔
