جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم شہر کے پوش علاقوں میں پھیلے گندگی کے ڈھیر شہر کی پہچان بن گئے، شہری علاقوں کو میونسپل کارپوریشن کے ارباب اختیار بھلا بیٹھے، گلی محلوں سے کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کا انتظام مفلوج ہو کر رہ گیا، گلی محلوں میں خالی پلاٹ گندگی کے ڈھیر بن چکے ہیں، جبکہ بارشیں ہونے پر گندگی کے یہ ڈھیر جوہڑ کی صورت اختیار کر لیتے ہیں، جگہ جگہ پھیلی اس گندگی کی وجہ سے گلیوں میں کھیلنے والے بچوں میں بیماریاں پھیلنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، آندھی چلنے کی صورت میں پلاٹوں میں جمع شدہ کوڑا کرکٹ پھیل کر گلی محلوں کو آلودہ کر دیتا ہے، اس کے علاوہ جوہڑ کی صورت اختیار کئے گندگی کے ڈھیر مکھیوں اور مچھروں کی افزائش کی وجہ بھی بن رہے ہیں، جو علاقہ مکینوں کے لئے شدید خطرات کا باعث ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر کے گلی محلوں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کروائی جائے اور ذمہ داران کو گلی محلوں کو چیک کرنے کا پابند بنایاجائے تاکہ شہری وبائی امراض سے محفوظ رہ سکیں۔
