جہلم حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ نا روا رویہ ترک کرے

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عامرکیانی)جہلم حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ نا روا رویہ ترک کرے، اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستانی شہریوں والے حقوق حاصل ہونے چاہیے، اوورسیز پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں، ان خیالات کا اظہار پاکستانی نژادبرطانوی شہری چوہدری محمد اکمل نے پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ دیارِ غیر میں محنت مزدوری کرکے سرمایہ پاکستان میں بھجواتے ہیں تاکہ ملک کے معاشی حالات بہتر ہو سکیں، جب واپس اپنے وطن میں ملک کی خدمت کے لئے رجوع کرتے ہیں تو حکومت بیرون ملک کی شہریت ختم کرنے کا کہہ کر پابندیاں عائد کر دیتے ہیں۔ جس کیوجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانی افراد عجیب کشمکش میں مبتلا ہیں۔ چوہدری محمد اکمل نے کہا کہ پاکستان کے حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، سابق حکمرانوں نے جو حشر وطن عزیز کے ساتھ کیاہے دنیاء بھر میں اس کی مثال نہیں ملتی، پاکستان حکمران پاکستان کے عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنا رہے ہیں جبکہ بیرون ملک میں مقیم پاکستانی بیرون ملک محنت مزدوری کرکے سرمایہ پاکستان لا رہے ہیں حکومت کا دوغلا پن اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وطن عزیز کا سرمایہ لوٹ کر بیرون ملک منتقل کرنے والوں کو ووٹ کے استعمال کا حق موجود ہے جبکہ بیرون ملک سے سرمایہ پاکستان منتقل کرنے والوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے پر سخت پابندی عائد ہے۔ انہوں نے کہا بیرون ملک انگریز ہمیں پاکستانی گردانتے ہیں جبکہ پاکستانی حکمران ہمیں یورپین کہہ کر ہمارے دلوں کو زخمی کرتے ہیں چوہدری محمد اکمل نے کہا کہ 2004 میں بھی میں نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا اور بلال ٹاؤن سے جنرل کونسلر منتخب ہو کر خدمت کی اور اسی جذبے کے تحت آج پھر میدان میں اتر ہوں انہوں نے کہا کہ 15 نومبر بروز اتوار بلال ٹاؤن میں عظیم الشان جلسہ کرنے جارہا ہوں، ضلع جہلم کی غیور عوام کے سامنے اپنا منشور رکھوں گا اور میں حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وطن عزیز کی غیور عوام کے بنیادی مسائل کو حل کیا جائے، دالیں، آٹا، گھی، چینی اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء بازاروں میں عام کی جائیں اور 2008 کے نرخوں پر فروخت کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد باعزت طریقے سے اپنے بیوی بچوں کو 2 وقت کی روٹی مہیا کر سکیں۔انہوں نے ضلع جہلم کے شہریوں سے مطالبہ کیا ہے کہ 15 نومبر بروز اتوار ٹینکی والے گراؤنڈ بلال ٹاؤن میں منعقد ہونے والے جلسہ میں شرکت کریں اور اپنی آراء و تجاویز سے آگاہ کریں تاکہ اپنے غیور عوام کی آواز حکمرانوں تک بہتر انداز میں پہنچائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں