جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت کے زیر اہتمام یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے اشتراک سے کشمیر کانفرنس کا انعقاد

Spread the love

لندن (عارف چودھری ) ، لاہور گورنر ہائوس کے احاطے میں منعقدہ کانفرنس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور تھے جبکہ کانفرنس کی صدارت چیئرمین تحریک حق خود ارادیت راجہ نجابت حسین نے کی ۔کشمیر کانفرنس میں گورنر پنجاب کے علاوہ صوبائی وزراء ، پنجاب اسمبلی کے ممبران ، ماہرین تعلیم ، دانشور، انسانی حقوق کے رہنمائوں، یوتھ پارلیمنٹ کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر کشمیر کانفرنس سے مہمان خصوصی گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں سے لازوال رشتہ ہے ،پوری پاکستانی قوم کشمیر کے مسئلہ پر ایک ہے ۔ کشمیر کی تحریک آزادی اور حق خود ارادیت کے مؤقف کی ہر سطح پر اور ہر محاذ پر حمایت جاری رکھیں گے ۔ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ مودی کی انتہاء پسندانہ سوچ اور اقدامات نا صرف کشمیر اور بھارت بلکہ خطہ کے لئے بھی خطرناک ہیں ۔ 5اگست کے غیر قانونی اقدامات کے بعد کشمیر میں کرفیو لاک ڈائون لگا کر کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کیا گیا ہے ۔آزادی مانگنے والوں کو جیلوں میں قید کیا گیا ہے ۔ بھارت نے نا صرف نوجوانوں بلکہ خواتین ، بچوں اور بزرگوں کو بھی سفاکیت کا نشانہ بنایا ۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لاہور میں” کشمیر کانفرنس ” سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کانفرنس سے کشمیر کانفرنس سے معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، پاکستان ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین و معروف گلوکار ابرار الحق ،چیئرمین تحریک حق خود ارادیت راجہ نجابت حسین ، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ،ممبر پنجاب اسمبلی مسرت ملک ، ترجمان پنجاب حکومت سابق ایم پی اے شوکت بسرا ، سیکرٹری جنرل تحریک حق خود ارادیت محمد اعظم ، عبید الرحمن قریشی صدر یوتھ پارلیمنٹ ، ائیر وائس مارشل(ر) ساجد حبیب ، پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد رشید احمد ، ڈائریکٹر جنرل کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی ، میڈیا کنسلٹنٹ شہزاد نواز، حریت رہنماء عبد الحمید لون ، زاہد حسین صفی ، محمد ابوبکر صدر پاکستان یوتھ پارلیمنٹ ، مسز کنول حیات چیئرپرسن تحریک تکمیل پاکستان ، تابش عباسی ، راجہ مظہر حیات ، سردار محمد رحمان ، سید شہباز شاہ ، چوہدری عمیر رزاق ، طاہر علی اعوان ، محترمہ مایہ علی ، مسز شائستہ طالب اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ کشمیر کانفرنس میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض صدر یوتھ پارلیمنٹ عبید الرحمن قریشی نے ادا کیے ۔ کانفرنس سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ اوورسیز میں مقیم کشمیریوں کی مسئلہ کشمیر کے لئے جدو جہد تاریخ ساز قابل تعریف ہے ۔ راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم کی کاوشیں خراج تحسین کے لائق ہیں ۔ میں جب 1997ء میں پہلی بار برٹش پارلیمنٹ کا ممبر بنا تو مجھ سے برٹش پارلیمنٹ میں ملنے والا پہلا وفد راجہ نجابت حسین کی قیادت میں تھا اور اس وقت بھی ان کا ایک ہی مقصد تھا کہ کشمیریوں کی تحریک کا ساتھ دیا جائے ۔ اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے خلاف جس طرح کشمیری پوری جرأت و استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں ہم ان کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ برطانیہ ، یورپ اور دیگر ممالک میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹینے مسئلہ کشمیر کو فلیش پوائنٹ بنانے میں اہم کردار اداکیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا بھر کی پارلیمان میں انسان دوست ممبران کو اپنا ہمنوا بنایا جائے ۔ہم پنجاب اسمبلی میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کے قیام کو عمل میں لائیں گیاور یہ گروپ تمام تر سیاسی و جماعتی تفریق سے بالاتر ہو کر کشمیر کے لئے کام کرے گا ۔ اس موقع پر کشمیر کانفرنس سے صدر ِکانفرنس چیئرمین تحریک حق خود ارادیت راجہ نجابت حسین نے خطاب کرتے ہوئے سفارتی سطح پر کشمیر کے مسئلہ کے لئے ہونے والی کوششوں سے آگاہ کیا ۔ راجہ نجابت حسین نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر لئے برطانیہ اور یورپ میں تسلسل کے ساتھ ہر فورم پر کام کیا جا رہا ہے ۔ ہر سطح پر ممبران پارلیمنٹ ، مئیرز ، کونسلرز ، پارٹیوں کی لیڈرشپ سے رابطے تیز کیے جا رہے ہیں اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کی ٹیم نا صرف برطانیہ بلکہ یورپ ، امریکہ ، پاکستان اور آزاد کشمیر کے پارلیمنٹیرئنز کے ساتھ مسلسل لابنگ اور فرینڈز آف کشمیر کے تحت متحرک کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ برٹش کشمیریوں کی کاوشوں سے برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان بڑی تعداد میں کشمیریوں کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں اور برٹش پارلیمنٹ میں کشمیر پر چوتھی بحث ہونے والی ہے ۔ راجہ نجابت حسین نے کشمیر کانفرنس میں تمام مہمانان بالخصوص گورنر پنجاب اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر پاکستان ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین و معروف گلوکار ابرار الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں سے ہمارا والہانہ محبت والا رشتہ ہے جسے کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی ۔ ماضی میں مجھے کہا کہ گیا کہ بطور گلوکار بھارت کا دورہ کرو جس سے آپ کو 10لاکھ کا کنٹریکٹ 40لاکھ میں ملے گا لیکن اس کی شرط ہے کہ کشمیر کے بارے میں بات نہیں کرنی میں نے اس کنٹریکٹ پر لعنت بھیجی لیکن کشمیر سے رشتے کو کمزور نہیں ہونے دیا ۔ ہم کشمیر کی آزادی کی تحریک میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ،ممبر پنجاب اسمبلی مسرت ملک ، ترجمان پنجاب حکومت سابق ایم پی اے شوکت بسرا اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں طاقت اور جبر کا ہر حربہ اختیار کر کے دیکھ چکا ہے وہ کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکا ۔ پاکستانی قوم کشمیر کے معاملے یکجان ہے اور ہم ہر محاذ پر کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کے ساتھ ہیں ۔ بھارت کو ایک نا ایک دن کشمیر سے نکلنا پڑے گا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی ، عبید الرحمن قریشی صدر یوتھ پارلیمنٹ ، سیکرٹری جنرل تحریک حق خود ارادیت محمد اعظم ،حریت رہنماء عبد الحمید لون ، مسز کنول حیات چیئرپرسن تحریک تکمیل پاکستان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں گذشتہ ڈیڑھ سال سے جو قیامت صغری بھرپا ہے اس پر دنیا کی خاموشی تشویشناک ہے ۔ کشمیری نا صرف عملی میدان میں بھارت کے جبر اور ظلم کا مقابلہ کر رہے ہیں بلکہ سفارتی سطح پر بھی اپنے تئیں ہر ممکن کردار ادا کر رہے ہیں ۔ حکومت پاکستان کو اب بیانات اور بریفنگ سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے ۔ اس موقع پر تمام مقررین نے کانفرنس کے میزبان جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل اور یوتھ پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں