ساہیوال (آصف ندیم )فرد کی آزادی اور احترام زندہ معاشروں کی بنیادی علامت ہے اور ہمیں چاہیے کہ انسانی حقوق کو مقدم جانیں اور اسلامی تعلیمات کے مطابق ہر فرد کی عزت و ناموس اور حقوق کی حفاظت کریں۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے اپنے دفتر میں ضلعی ہیومن رائٹس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سید علمدار حسین شاہ کے علاوہ سول سوسائٹی کے ارکان بشپ ابراہام عظیم ڈینئل اور ظہیرہ سلیم نے بھی شرکت کی -انہو ں نے کمیٹی کے قیام کی غرض وغایت بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت انسانی حقوق کے تحفظ اور معاشرے کے اہم طبقات کو آگہی دینے کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور ضلعی سطح پر کمیٹی کا قیام اس سلسلے کی ایک کڑی ہے -انہوں نے اراکین کمیٹی پر زور دیا کہ وہ ضلع میں ہونے والے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے کسی بھی واقعے کا فوری نوٹس لیں اور اس کی مکمل غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں -کمیٹی کے ممبر بشپ ابراہام عظیم ڈنیئل نے ضلعی سطح پر ہیومن رائٹس کمیٹی کے قیام کو ایک مثبت قدم قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ اس سے معاشرے میں انسانی قدروں میں اضافہ ہو گا اور پسے ہوئے طبقات کے خلاف کی گئی زیادتیوں کا جلد مداوا ممکن ہو گا -اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلعی کمیٹی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مکمل تحقیقات کرنے اور سفارشات پیش کرنے،آگہی مہم چلانے اور جیلوں کے دورے کرنے کا مکمل اختیار رکھتی ہے تا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام ممکن ہو سکے
