بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے حقوق کے حصول کے لئے جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت منظم مہم جاری رکھے گی

Spread the love

بریڈ فورڈ( عارف چودھری)
مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کو آزادی دلوانے اور ریاست جموں و کشمیر کی تمام اکائیوں بشمول بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے حقوق کے حصول کے لئے جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت منظم مہم جاری رکھے گی۔ پاکستان، آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور عالمی سطح پر متحرک شخصیات، تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور ان کی حمایت سے مسئلہ کشمیر کو سفارتی محاذ پر بھرپور اجاگر کیا جائے گا۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق پاکستان اور اندرون ریاست پارلیمنٹیرئنز، سول سوسائٹی، کشمیر دوست رہنماؤں اور انسانی حقوق کے نمائندگان کومسئلہ کشمیر کے لئے متحرک کرنے کے لئے کانفرنسز، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ پاکستان کی تمام سیاسی قیادت، سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں، سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران، سول سوسائٹی، مزدور اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مل کر انہیں مسئلہ کشمیر کے متحرک کردار ادا کرنے کے لئے آمادہ کیا جائے گا۔ پاکستان کے تمام صوبائی دار الحکومتوں سمیت مظفرآباد، میرپور، گلگت، سکردو میں بھی خصوصی سیمینار ز اور ریلیوں کا اہتمام کر کے پارلیمانی نمائندوں کو متحرک کیا جائے گا۔ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے خواتین اور نوجوانوں کی تنظیموں سے بھی ہر سطح پر معاونت حاصل کی جائے گی۔ برطانیہ، یورپ، امریکہ سمیت دنیا بھر میں متحرک انسانی حقوق کی تنظیموں اور متحرک شخصیات تک بھارتی مظالم اور مقبوضہ کشمیر کے اصل حالات سے آگاہی کے لئے بیرون ملک خصوصا یورپین کشمیری متحرک کردار ادا کریں گے۔ پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں اور اپوزیشن کے تمام لیڈروں سے اپیل ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔ پاکستان کا میڈیا بالخصوص الیکٹرانک میڈیا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اسے قومی مسئلہ کے طور پر پیش کرے۔ الیکٹرانک میڈیابھی پرنٹ میڈیا کی طرح تحریک آزادی کشمیر کی سرگرمیوں کو خصوصی کوریج دے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر اور کشمیریوں کا حقیقی نکتہ نظر دنیا تک پہنچانے میں معاونت کرے۔ پاکستان کے تمام سابق سفارتکار اپنی صلاحیتیں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے صرف کریں اور اسلام آباد میں موجود عالمی سفارتکاروں کو کشمیریوں کا ہمنوا بنانے میں ہماری معاونت کریں۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے تمام کشمیریوں اور کشمیری تنظیموں نے ریاست کی آزادی کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔دریں اثناء تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پاکستان میں دورے کے دوران صدر ٓزاد کشمیر سردار مسعود خان، وزیر اعظم ٓزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، لارڈ نذیر احمد، سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان، اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین،ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ، ایم این اے شاندانہ گلزار خان، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ایم این اے افشاں تحسین باجوہ، ایم این اے نورین فاروق ابراھیم، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی آزاد کشمیر عبد الماجد خان، حریت کانفرنس کے رہنماء سید فیض نقشبندی، سلیم الطاف وانی، شیخ تجمل الاسلام سمیت سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پرجموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے تمام عہدیداران راجہ نجابت حسین اور کونسلر یاسمین ڈار کی قیادت میں بلا امتیاز سیاسی وابستگی اپنی سرگرمیا ں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تحریک حق خود ارادیت کے عہدیداران اپنے تمام معاونین چاہے وہ حکومت میں ہیں یا اپوزیشن میں ان کی جانب سے معاونت پر شکر گزار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں