جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن(ر)محمد محمود کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نے ضلعی افسران کے ہمراہ ریویو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اہداف کا جائزہ لیا ہے، اس موقع پر انہوں نے محکمہ مال، ڈویلپمنٹ، ہیلتھ، ایجوکیشن، جنگلات، ہائر ایجوکیشن، پاپولیشن، انوائرنمنٹ، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 سمیت دیگر مختلف محکموں کی جانب سے کے گئے اقدامات اور حکومت پنجاب کی جانب سے دیے گئے اہداف بارے پوچھا۔ اجلاس میں ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے آن لائن پورٹل پر تفصیلات کو چیک کیا، اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران نے اپنی اپنی کارکردگی بارے بتایا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے مزید بہتری لانے اور اہداف کے مطابق کام کرنے کی ہدایات دیں۔ اجلاس میں انسداد کورونا اقدامات، انسداد ڈینگی، پولیو مہم سمیت دیگر صحت عامہ میں دی جانے والی سہولیات بارے بتایا ہے جبکہ اجلاس میں ترقیاتی کاموں کا تفصیلی ریویو حاصل کیا گیا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی، ریونیو اکٹھا کرنے بارے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نے صفائی ستھرائی کے انتظامات میں بہتری لانے،کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے، سرکاری سکولوں میں انتظامات مکمل کروانے، محکمہ مال کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے اور ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے ہدایات دیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔
