ساہیوال : کنولہ اور سورج مکھی خوردنی تیل کا اہم ذریعہ اور نقد آور فصلیں ہیں، زمیندار بھائی تیلدار اجناس خصوصا کنولہ اور سورج مکھی اگائیں تاکہ ملکی ضروریات کو مقامی طور پرپورا کیا جاسکے-یہ بات ڈائریکٹر زراعت توسیع ساہیوال شاہد حسین نے کسانوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے تیلدار اجناس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کسانوں کو تیلدار اجناس خصوصی طور پر کنولہ اور سورج مکھی اگانے پر زور دیا اور کہا کہ کسانوں کو چاہیے کہ بڑے رقبے پرسورج مکھی کاشت کریں اور زیادہ سے زیادہ منافع حاصل کریں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع رانا حبیب الرحمن نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تیلدار اجناس ملکی درآمدی بل کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کے بعد سب سے بڑا بل خو ردنی تیل کی درآمد ہے اگر ہم تیلدار اجناس کی کاشت کو بڑھاتے ہیں تو بڑی حد تک زرمبادلہ کے ذخائر کوبچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومتی ترجیحات کے بارے میں بتایا کہ حکومت سورج مکھی کے بیج کو سبسڈی پر فراہم کررہی ہے۔جوکہ پانچ ہزار روپے فی ایکڑہے، جبکہ تیلدار اجناس کو اگانے پہ زیادہ خرچہ نہیں ہوتا۔۔ کسانوں نے ڈائریکٹر زراعت اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کے اس اقدام کو سراہا اور دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کا یقین دلایا۔
