رحیم یار خان
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف)
اپوا لیڈیز کلب رحیم یار خان کی چیئرپرسن میڈم مصباح فاروق نے اپنے وفد کے ہمراہ ڈی ٹی او محمد ساجد سے ان کے دفتر میں خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں اپوا لیڈیز کلب کی ممبران اور زیرِ تربیت طالبات کو محفوظ ڈرائیونگ کی باقاعدہ تربیت فراہم کرنے کے لیے ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول میں داخلوں اور ڈرائیونگ لائسنس کے آسان و بروقت حصول کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی ٹی او محمد ساجد نے وفد کو ٹریفک پولیس کی جانب سے خواتین کو فراہم کی جانے والی خصوصی سہولیات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور سڑکوں پر محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے ڈرائیونگ کی پیشہ ورانہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول میں اپوا کی ممبران اور طالبات کو داخلہ جات اور لائسنس کے اجراء میں ہر ممکن تعاون اور ترجیحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اپوا لیڈیز کلب کی چیئرپرسن میڈم مصباح فاروق نے ٹریفک پولیس رحیم یار خان کے مثالی اقدامات اور خواتین کی حوصلہ افزائی پر ڈی ٹی او محمد ساجد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی آگاہی اور باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس کا حصول خواتین کو خود مختار بنانے کے ساتھ ساتھ مہذب معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
