جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم شہر کی سڑکوں کے دونوں اطراف گندگی کے ڈھیرشہر کی پہچان بن گئے، تعفن کے باعث شہریوں کا سانس لینا بھی دشوار، صفائی وستھرائی کا نظام درہم برہم، میونسپل کارپوریشن کے افسرا ن اورمنتخب ممبران نے شہریوں سے لاتعلقی اختیار کر لی۔شہریوں کا کوئی پرسان حال نہ رہا۔ شہری سراپا احتجاج، کمشنر راولپنڈی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی سڑکوں، گلی محلوں میں موجود جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کی وجہ سے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بن گئیں۔جبکہ شہریوں کو موذی امراض بدبو اور تعفن کے سپرد کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے افسران و سینٹری ورکروں نے آنکھیں بند کر لیں، جادہ روڈ،بلال ٹاؤن، ڈھوک جمعہ، محمدی چوک روڈ، کمیلا روڈ، روہتاس روڈ، کالا گجراں سمیت ملحقہ آبادیوں میں میونسپل کارپوریشن کا عملہ صفائی کرنے کی بجائے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہے جسکی وجہ سے شہریوں کو بدبو اور تعفن ذدہ ماحول میں جینا پڑ رہا ہے اور یہ سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے، جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف گندگی کے ڈھیر گندے پانی کے جوہڑ اور مردہ جانوروں کی باقیات سے اٹھنے والی بدبو اور تعفن کی وجہ سے جی ٹی روڈ پر سے گزرنے والے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صفائی کے ناقص انتظامات سے گندگی کے باعث نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے گھروں سے نکلنے والا گندہ پانی متعدد مقامات اور خالی پلاٹوں کے جگہوں پر جمع ہو کر جوہڑوں کی شکل اختیار کر چکا ہے جہاں پر مچھروں کی بہتات نے شہریوں کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے علاقہ مکینوں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر اور جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف گندگی کے ڈھیر اٹھانے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہری موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں۔
