مانچسٹر ( عارف چودھری ) ممبر کشمیر کونسل و پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء محمد یونس میر کی جانب سے جموں و کشمیر تحریک حق خو د ارادیت انٹر نیشنل کے وفد کی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں ملاقات ، یونس میر کی جانب سے تحریک حق خود ارادیت کے وفد کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانے کا اہتمام ، اس موقع پر محمد یونس میر نیوفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جاندار انداز میں اجاگر کیا ، مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی،وزیر اعظم عمران خان کی بہترین سفارتکاری اور جرأت مندانہ مؤقف کی وجہ سے پہلی بار عالمی برادری نے کشمیر کی جانب توجہ دی اور بھارتی اقدامات کے خلاف بات کی، آزاد کشمیر بیس کیمپ ہے اور جلد بیس کیمپ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہو گی اور اس کا حقیقی کردار بحال ہو گا ۔ تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کی سفارتی سطح پر کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔ ہم مڈل ایسٹ ، عرب ممالک میں بھی تحریک حق خود ارادیت کی سرگرمیاں شروع کریں گے اور عرب ممالک کے تارکین وطن کو بھی متحرک کیا جائے گا ۔ راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم نے کشمیرکی تحریک کے لئے سفارتی سطح پر نمایاں کردار ادا کیا ۔ اس موقع پر جموں و کشمیر تحریک حق خو د ارادیت انٹر نیشنل کے وفد کی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جہاں کشمیری عملی محاذ پر اپنی قربانیاں پیش کر رہے ہیں وہیں بیس کیمپ کے حکمران بالخصوص ممبران اسمبلی او ممبران کشمیر کونسل کا متحرک ہو کر اندرون ملک اور بیرون کشمیر کاز کے لئے کام کرنا وقت کی ضروت ہے ۔ سفارتی سطح پر دنیا کے بڑے پارلیمان ، سول سوسائٹی ، انسانی حقوق کے لوگوں کو لابی کے ذریعے کشمیر کی تحریک میں معاون و حمایتی بنایا جا سکتا ہے ۔ جس طرح یورپ و برطانیہ میں اوورسیز کشمیری اپنا متحرک کردار ادا کر کے مسلسل کشمیری کی تحریک کو سفارتی سطح پر اجاگر کر رہے ہیں وہیں مڈل ایسٹ میں اسی طرح کی سرگرمیوں اور اقدامات کی ضرورت ہے ۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کے ممبران کو پاکستان کی قومی اسمبلی ، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کو کشمیر کے لئے متحرک کرنے کے کوشش کرنی چاہئے ۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت نا صرف برطانیہ و یورپ بلکہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھی اپنی سرگرمیوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ہم عرب ممالک میں کام کو بڑھائیں گے ۔ اس موقع پر جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم ، یوتھ پارلیمنٹ کے صدر عبید الرحمن قریشی ، خیبر پختونخواہ سے سابق ناظم اسفند یار خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔
