جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)جہلم سرکاری و پرائیویٹ اداروں،ہسپتالوں، لاری اڈہ، ریلوے اسٹیشن پر موجود ٹک شاپس پر سر عام مہنگی اشیاء کی فروخت جاری،پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے ذمہ داران نے بااثر کینٹین مالکان و ٹھیکیداران سے گٹھ جوڑ کر لیا، شہری ناقص و غیر معیاری اشیاء مہنگے داموں خریدنے پر مجبور،شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق شہر سمیت چاروں تحصیلوں میں موجود درجنوں سے زائد سرکاری و پرائیویٹ اداروں،ہسپتالوں کی کینٹینوں، لاری اڈوں، ریلوے اسٹیشنز سمیت پٹرول پمپس پر واقع ٹک شاپس میں مہنگائی کا طوفان برپا ہو چکا ہے، کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں بازار سے کئی گنا زیادہ وصول کی جارہی ہیں، متعلقہ اداروں کے سربراہان و افسران مہنگی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں کرنے کی بجائے روزانہ کی بنیاد پر ذاتی مفادات حاصل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، جس کی وجہ سے معصوم بچوں سمیت عام شہری روزانہ اضافی قیمتیں ادا کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں، شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے نوٹس لینے اور گرانفروشی اور ناقص وغیر معیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنے کے مرتکب دکانداروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
