جہلم صحافیوں کے ساتھ نا انصافیاں کسی صورت برداشت نہیں کریں گے

Spread the love

جہلم(مرزاکفیل بیگ کیفی +مرزاقدیر بیگ)جہلم صحافیوں کے ساتھ نا انصافیاں کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، صحافی معاشرے کی آنکھ،کان ہیں، علاقائی مسائل کواجاگر کرنے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پرنٹ میڈیا کے صدر میاں محمد ساجد جہلم پریس کلب کے سابق صدر چوہدری عابد محمود نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ حقائق پر رپورٹنگ کرنے والے صحافی صحافت کے ماتھے کا جھومر ہیں انہوں نے کہا کہ علاقائی مسائل اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کرنے والے نڈر، دلیر، جرات مند صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہلم کے صحافی نہ کسی کے سامنے جھکتے ہیں اور نہ ہی جھکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز صحافیوں کو ڈرانے،دھمکانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، ضلع جہلم کے صحافی حق و سچ کا ساتھ دیکرجرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صحافیوں کو دیوار کے ساتھ لگانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے، لاہور، اسلام آباد، پریس کلبز کے صدور کو چاہیے کہ چوتھے ستون کو برقراررکھنے کیلئے کردار ادا کریں تاکہ مذموم مقاصد کے ذریعے مقاصد حاصل کرنے والے حکمرانوں کو مایوسی کا چہرہ دیکھنا نصیب ہو۔ اس موقع پر عامرکیانی، چوہدری محمد ریاض گوندل، مرزا کفیل بیگ، چوہدری دانیال عابد، عبدالغفارآذاد، سید مظہرعباس، عمیراحمدراجہ، چوہدری ظفرنور سمیت دیگر صحافی بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں