پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں کی سرکٹ ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات

Spread the love

با تسلیمات ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال ڈویژن 30 جنوری 2021

ساہیوال (آ صف ندیم )پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں کی سرکٹ ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات،علاقے کے مسائل اور پارٹی کی کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال،قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی،صحت انصاف کارڈ کا اجراء،انفراسٹرکچر کی تعمیر اور ملک کو سنگین اقتصادی صورتحال سے نکالنا حکومت کی اہم کامیابیاں ہیں،وزیر اعظم -تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ ساہیوال کے موقع پر سرکٹ ہاؤس میں صوبائی وزراء ملک نعمان احمد لنگڑیال اور سید صمصام علی شاہ بخاری،تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز خاں اور سابق وفاقی وزیر چوہدری نوریز شکور،تحریک انصاف کے صدر ویسٹ پنجاب فیض محمد کموکا اور جنرل سیکرٹری رائے مرتضی اقبال خان،نائب صدر ویسٹ پنجاب شکیل احمد خان نیازی،ضلعی صدر رانا آفتاب احمد خان،ضلعی جنرل سیکرٹری ملک فیصل جلال ڈھکو،اوورسیز پاکستانی کمیشن کے وائس چیئر مین وسیم رامے،ٹکٹ ہولڈرز وحید اصغر ڈوگر،شیخ محمد چوہان اور مہر ارشاد کاٹھیا،پی ایچ اے کے چیئر مین چوہدری علی شکور،سابق ممبر صوبائی اسمبلی نبیلہ حاکم خان اور گڈ گورننس کمیٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مظہر شیرازی نے خصوصی ملاقات کی -وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی ملاقات میں موجود تھے -ملاقات میں ساہیوال ڈویژن کے مسائل خصوصا ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے زیر تعمیر بلاک کی تکمیل،موٹر وے انٹر چینج تک ایکسپریس وے کی تعمیر،انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا قیام،ساہیوال شہر کے تعمیراتی منصوبوں، دیہات سے مارکیٹ تک سڑکوں کی مرمت،واپڈا،نادرا اور سوئی گیس کے محکموں سے عوامی شکایات،ہڑپہ ریلوے سٹیشن پر انڈر پاس کی تعمیر،زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کو در پیش مسائل اور نئے بلدیاتی نظام کو زیر بحث لایا گیا جس پر وزیر اعظم عمران خان نے یقین دلایا کہ تحریک انصاف کی حکومت ساہیوال کی ترقی کے لئے تمام ممکنہ فنڈز فراہم کرے گی تا کہ عوام کے معیار زندگی میں اضافہ ہو -انہو ں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قبضہ گروپوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے اور سرکاری واجبات یا سرکاری املاک کا کرایہ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے – وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کے پہلے دو سال ملک کی اقتصادی صورتحال کو ٹھیک کرنے اور غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی میں گزر گئے اورابھی تک حکومت سابقہ بوجھ اتار رہی ہے -انہوں نے صحت انصاف کارڈ کو انقلابی پروگرام قرار دیا اور کہا کہ ہر شخص کو صحت کی سہولیات کی فراہمی ریاست مدینہ کے قیام کی طرف اہم قدم ہے -انہوں نے کارکنوں کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دینے کا بھی وعدہ کیا اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو ہدایت کی کہ پارٹی ورکرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں جس کے لئے تحریک انصاف کے مقامی رہنما انتظامیہ سے قریبی رابطہ بھی رکھیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں