پولیس مقابلے میں جام شہادت نوش کرنے والا بہادر کانسٹیبل جلیل حیدرپورے محکمانہ اعزازات کے ساتھ سپرد خاک

Spread the love

ڈیرہ غازی خان:
( رپورٹ: ایم عرفان بیورو چیف ڈیرہ غازیخان )
پولیس مقابلے میں جام شہادت نوش کرنے والا بہادر کانسٹیبل جلیل حیدرپورے محکمانہ اعزازات کے ساتھ سپرد خاک،نمازجنازہ میں آر پی او،کمشنر،ڈی پی او سمیت اعلیٰ شخصیات کی شرکت، آر پی او فیصل رانا نے شہید کی میت کو سلیوٹ کیا،شہید کے بھائی اور والد کو گلے لگا لیا،شہید کے ورثاء نے جلیل حیدر کی شہادت کو اعزاز قرار دیا تو ہر آنکھ اشکبار ہو گئی،پولیس مقابلے میں ایک دوسرے کی فائرنگ کا نشانہ بن کر ہلاک ہونے والے دونوں بدنام زمانہ ڈاکوؤں کی شناخت ہو گئی، وقوعہ کا مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ اور قتل سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت درج،تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب تھانہ دراہمہ کے علاقہ میں ہونے والے پولیس مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کا ہمت،بہادری اور مردانہ وار دلیری کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے بہادر پولیس کانسٹیبل جلیل حیدر کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی جس میں ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا،کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد،ڈی پی او عمر سعید ملک،ڈپٹی کمشنر سمیت اعلیٰ افسران شہریوں اور پولیس اہلکاروں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی،شہید کانسٹیبل جلیل حیدر کی میت کو پورے محکمانہ اور قومی اعزازات کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا،آر پی او فیصل رانا نے شہید کی میت کو سیلوٹ کیا تابوت کو بوسہ دیا تو وہ شدت جذبات سے آبدیدہ ہو گئے،انہوں نے شہید کانسٹیبل جلیل حیدر کے بھائی تیمور عباس اور والد ارشاد حسین کو گلے سے لگایا،آر پی او فیصل رانا روتی آنکھوں کے ساتھ شہید کے ورثاء سے اظہار عقیدت کرنے لگے تو ورثاء نے کہا کہ آر پی او صاحب ہمیں مبارک دیں ہمارا بیٹا اپنے فرض کی ادائیگی میں شہید ہوا،شہید کے والد نے کہا کہ جلیل حیدر نے پولیس ملازمت بھی جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر شروع کی تھی،ورثاء نے شہادت کو اپنے خاندان کے لئے اعزاز قرار دیا تو موقع پر موجود پولیس و دیگر افسران اور اہلکار شدت جذبات سے رونے لگے ماحول خاصا جذباتی ہو گیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آر پی او فیصل رانا نے کہا کہ شہید جلیل حیدر میرا محسن ہے،محکمے کا محسن ہے معاشرے کا محسن ہے،شہید نے اپنے جوانی کے خوبصورت ایام میں فرض شناسی کی قابل تقلید اور قابل رشک مثال قائم کرتے ہوئے شہادت کی جو تاریخ رقم کی معاشرے کی آنے والی نسلوں کو مقروض کر گئی ہے،آر پی او فیصل رانا نے کہا کہ شہید جلیل حیدر میرا ہیرو ہے میرا ہیرو رہے گا،شہید کے ورثاء جب،جہاں اور جس وقت مجھے ملنا چاہیں میں حاضر ہوں،آر پی او فیصل رانانے اپنے خطاب کے دوران پاکستان زندہ باز اور پنجاب پولیس پائندہ باد کے فلگ شگاف نعرے لگوائے،وہ شہید کے تابوت کو بار بار بوسہ دیتے رہے،ادھر پولیس مقابلے میں ایک دوسرے کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کی شناخت ذوالفقار اور ایوب عرف ایوبی کے نام سے ہوئی،دونوں ڈاکو ”ایوبی“ ڈکیت گینگ کے سرغنہ اور سیکنڈ ان کمانڈ تھے جو پولیس کو ڈکیتی،قتل سمیت سنگین واردتوں میں مطلوب تھے،شہید جلیل حیدر کی شہادت کی وجہ سے جہاں پر علاقہ کی فضا سوگوار رہی وہیں پر لوگ شہید جلیل حیدر کی قبر پر دیوانہ وار حاضری دے کر اس کی ہمت کے قصے بیان کرتے رہے،وقوعہ کا مقدمہ تھانہ دراہمہ میں قتل،ڈکیتی اور انسداد دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت درج کر لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں