پاک افغان سرحد زیرو پوائنٹ پر پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا افتتاح کر دیا گیا

Spread the love

پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے 20 ہزار مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔اقبال وزیر

میرانشاہ(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک افغان سرحد زیرو پوائنٹ پر پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا افتتاح کر دیا گیا، ٹرانزٹ ٹریڈ کے افتتاحی تقریب میں دو صوبائی وزرا، ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان، ڈی پی او،سول و عسکری حکام اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔بدھ کو صوبائی وزیر ریلیف، بحالی و آباد کاری محمد اقبال وزیر اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر نے تاریخ میں پہلی بار پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا افتتاح کر دیا جس میں نہ صرف پاکستانی بلکہ افغانی تاجروں نے بھی بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر کراچی سے پہنچنے والے ٹرکوں کو پاک افغان سرحد غلام خان کے راستے کابل روانہ کردیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر اقبال وزیر نے کہا کہ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے 20ہزار مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا کیونکہ ٹریڈ کے ساتھ ساتھ میرانشاہ میں اف لوڈنگ بھی کی جارہی ہے۔ ملک شاہ محمد خان صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ اس ٹریڈ روٹ کے کھولنے سے پاکستان کو وسطی ایشاء کی منڈیوں تک مختصر ترین راستے کی سہولت حاصل ہو گی جس سے پورے علاقے میں خوشگوار معاشی انقلاب برپا ہو جائیگا۔ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ مقامی لوگوں کا تعاون اس سلسلے میں بہت ضروری ہے کیونکہ معاشی سرگرمیوں کیلئے امن وامان کا قیام بھی از حد ضروری ہے جو مقامی لوگوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف پاکستانی بلکہ افغانی تاجروں کو بھی اس دن کا بے صبری سے انتظار تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں