جہلم(چوہدری عابد محمود +عامرکیانی)جہلم سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں جہلم سمیت پنجاب بھر کے بلدیاتی اداروں کو بحال نہ کیا جا سکا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 25 مارچ 2021ء کو بلدیاتی اداروں کی بحالی کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔ تاہم سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کو تقریباً 1ماہ مکمل ہونے کو ہے۔لیکن صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں کو تاحال بحال نہ کیا جا سکا اور نہ ہی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کی جانب سے بلدیاتی اداروں کی بحالی کا کوئی تحریری نوٹیفکیشن جاری کیا جاسکا۔اس سلسلے میں بلدیاتی اداروں کے بعض رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب تک بلدیاتی اداروں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوجاتا اس وقت تک سیکرٹری بلدیات پنجاب صوبے کے بلدیاتی ادارے بحال نہیں کرسکتے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے رواں سال 25مارچ کو پنجاب بھر کے بلدیاتی ادارے بحال کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے جہلم سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بلدیاتی نمائندوں نے اپنے اپنے دفاترکی ذمہ داریاں سنبھال لیں تھیں جو 2/3 روز بعد انتظامیہ نے ان اداروں کو سیل کرکے بلدیاتی نمائندوں کو کام کرنے سے روک دیا تھا۔
