جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم گاڑیوں کی فٹنس سر ٹیفکیٹ،گاڑیوں کی بغیر حاضری اوربغیر چیکنگ کے دیے جانے کا انکشاف،جہلم شہر سے دوسرے شہروں میں چلنے والی اکثر گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ کے لیے حاضری سے مستشنیٰ قرار دیا گیا جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے شہریوں کاوزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سے دوسرے شہروں میں چلنے والی چھوٹی بڑی گاڑیوں کو ہر سال گاڑی کا معائنہ کروا کر فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازم ہوتا ہے تاکہ آنے والے وقت میں کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے لیکن اس کے متبادل آج کل ٹاؤٹ مافیا سرگرم عمل ہونے کا انکشاف ہوا ہے جو گاڑیوں کی کاپیاں لے جا کر بغیر گاڑی کی حاضری کے گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفیکیٹ جا ری کروارہے ہیں،کمیشن مافیا کو متعلقہ افسران کی سرپرستی حاصل ہے جس کیوجہ سے ایجنٹوں نے بغیر گاڑیوں کی حاضری کے فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کروانے شروع کر رکھے ہیں،فٹنس سرٹیفیکیٹ جاری کرنے سے قبل اس بات کی تسلی کرنا لازم ہوتی ہے کہ آیا کہ یہ گاڑی روڈ پر چلنے کے قابل ہے بھی یا نہیں لیکن اگر ایسی گاڑیاں جو روڈ پر چلنے کے قابل نہ ہوں اور بغیر گاڑی دیکھے فٹنس سرٹیفیکیٹ جاری کر دیا جائے تو آنے والے وقت میں ایسی گاڑیاں جن میں عموماً سکولوں، کالجز، سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کو لانے لیجانے کا کام کرتی ہیں کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں، اکثر و بیشتر گاڑیاں سالوں پرانی اورسڑکوں پر آلودگی پھیلاتی نظر آتی ہیں مگر ان ڈرائیوروں کو کوئی پوچھنے والا نہیں، شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیاہے کہ جہلم شہر سے دیگر شہروں میں چلنے والی بسیں ویگنیں ٹرک، چنگ چی رکشوں سمیت دیگر چھوٹی بڑی گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ کے لیے حاضری کو لازم بنایا جائے اور اس بات کا نوٹس لیا جائے تاکہ مسافروں کی زندگیوں سے کھیلنے والے مافیا کا ایسے اداروں سے اثر و رسوخ ختم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں جائیں تاکہ گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے قبل ان کا باقاعدہ معائنہ کیا جائے اور گاڑیوں کی حاضری لازم قرار دی جائے۔
