ضلع جہلم کی 2 قومی اور3 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر سیاسی دنگل ہونے جا رہا ہے

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)ضلع جہلم کی 2 قومی اور3 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر صورتحال بڑی دلچسپ ہونے لگی، آنے والے انتخابات میں امیدوارں کی بڑی تبدیلیاں متوقع، حیرت انگیز طور پر نئی صف بندیاں جنم لینے لگیں، مسلم لیگ ن کی این اے 66 پرچوہدری ندیم خادم اور بلال اظہر کیانی کے مابین دنگل ہوگا، جبکہ این اے 67 میں نوابزادہ مطلوب مہدی کی پوزیشن مستحکم بتائی جاتی ہے، اسی طرح پی ٹی آئی نے حلقہ این اے 66 کے لئے دوسری مرتبہ بھی چوہدری فرخ الطاف کو فائنل امیدوار کے طور پر نامزد کر رکھا ہے۔پی پی 25 میں مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، سابق ایم پی اے راجہ اویس خالد کے مابین کسی ایک رہنما کو ٹکٹ جاری ہوگا۔ پی پی 26 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق امیدوار چوہدری لال حسین کے ساتھ سابق ایم پی اے چوہدری سعید اقبال بوکن ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے سردھڑ کی بازی لگائیں گے۔ جبکہ پی ٹی آئی کے موجودہ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال اورمنور منہاس میں سے کسی ایک کا قرعہ نکل سکتا ہے۔ حلقہ این اے 67 میں چوہدری فواد حسین نے پنڈدادنخان میں پاسپورٹ دفتر، ای او بی آئی دفتر، جلالپور تا کندوال نہر،لِلہ تا جہلم 2 رویہ سڑک تمام بنیادی ہیلتھ سینٹرز میں ڈاکٹرز اور سکولوں کی اپ گریڈیشن کروا کر ووٹرز کی ہمدردیاں حاصل کرنی شروع کر رکھی ہیں جس تیزی کے ساتھ تحصیل پنڈدادنخان میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، اگر یہ منصوبے آمدہ انتخابات سے قبل مکمل ہو جاتے ہیں یہ حلقہ این اے 67 میں مسلم لیگ ن کو ایک مرتبہ پھر سبکی ہوگی۔ پی پی 27 میں چوہدری ناصر لِلہ اور سابق ایم پی اے چوہدری نذر حسین گوندل میں سے کسی ایک لیگی رہنما کو ٹکٹ جاری ہوگا، چوہدری نذر حسین مسلم لیگ ن کے مضبوط امیدوار گردانے جاتے ہیں، ضلع جہلم میں صورتحال بڑی دلچسپ ہے مسلم لیگ ق،پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان عوامی تحریک، جماعت اسلامی، (کالعدم) تحریک لبیک پاکستان کا آمدہ انتخابات میں بڑا اہم کردار ہوگا، اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن نے بھی اپنی اپنی صف بندیاں کرنی شروع کر رکھی ہیں۔ وفاقی اور صوبائی بجٹ کی منظوری کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔بہرحال ضلع جہلم میں قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں پر مقابلہ مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے مابین ہوگا، پاکستان پیپلز پارٹی،(کالعدم) تحریک لبیک پاکستان، عوامی تحریک، جماعت اسلامی جس سیاسی جماعت کی حمایت کا اعلان کریں گی وہی سیاسی جماعت کامیابی حاصل کرنے کے قابل ہوگی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں