زیادہ کمائی کا لالچ، ٹرانسپورٹروں کی جانب سےجہلم اوورلوڈنگ خود ساختہ کرایوں کی وصولی عروج پر

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم قیامت خیز گرمی، زیادہ کمائی کا لالچ، ٹرانسپورٹروں کی جانب سے اوورلوڈنگ خود ساختہ کرایوں کی وصولی عروج پر، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی، مسافر سراپا احتجاج، وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق جہلم جنرل بس اسٹینڈ سمیت چاروں تحصیلوں میں موجود اڈوں میں سرکاری کرائے نامے نہ تو آویزاں کروائے جا سکے اور نہ ہی سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی عملدرآمد کروانے میں کامیاب ہو سکے۔ ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ذمہ داران کی نالائقی کی انتہا یہ ہے کہ اڈوں میں سیکرٹری روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے موبائل یا دفتر کے نمبر کا اندراج تک موجود نہیں جو کہ سوالیہ نشان ہے، ٹرانسپورٹرز مسافروں سے من مرضی کے کرائے وصول کرکے شہریوں کی جیبوں کا صفایا کر رہے ہیں۔ 2 سال قبل سابق ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ کرائے نامے جاری کئے اور آرٹی اے سیکرٹری کو جاری کردہ کرائے نامے پر عملدرآمد کروانے کے احکامات جاری کئے، لیکن بدقسمتی سے کرائے نامے جاری ہونے کے فوراً بعد ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ کو جہلم سے گجرات تبدیل کر دیا گیا، جس یوجہ سے جاری کرائے نامے ردی کی ٹوکری میں پھینک دئے گئے۔ مضافاتی علاقوں سے محنت مزدوری اور سرکاری و نجی اداروں میں کام کرنے کی غرض سے آنے والے ملازمین کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کئی گنا اضافی کرائے وصول کرکے دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف عمل ہیں۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آر ٹی اے سیکرٹری کا دفتر ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے سرپرستی کرنے کی غرض سے قائم کیا گیا ہے۔ جو کہ مسافروں کے ساتھ سخت زیادتی کے مترادف ہے۔ مسافروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم میں فرض شناس، ایماندار سیکرٹری کو تعینات کیا جائے تاکہ ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں