جیکب آباد(زاہد حسین رند) جے یو آئی اور شہریوں کا بڑھتی ہوئی بدامنی اور سماجی برائیوں کے خلاف مظاہرہ،مارچ اور دھرنا، عید کے بعد ضلع بھر میں تحریک چلانے کا اعلان، چند روز میں 200 وارداتیں ہوئی ہیں جبکہ پولیس صرف لوٹ مار میں مصروف ہے مقررین کا مظاہرے سے خطاب۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام اور شہریوں کی جانب سے ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف ضلع جیکب آباد کے مختلف شہروں ٹھل، گڑہی خیرو، جیکب آباد، باہو کھوسو، دوداپور، کریم بخش اور دیگر ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کرکے دھرنے دئیے گئے، جبکہ مرکزی جلوس جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، حاجی محمد عباس بنگلانی، مفتی عبدالشکور کھوسو، مولانا عبدالجبار رند، عبداللہ نوناری، مولانا تاج محمد بھٹی، قاری عنایت اللہ مہر، مولانا سجاد احمد نوناری، محمد یونس گولو، عبدالرزاق بلوچ، غلام حیدر پٹھان اور دیگر کی قیادت میں جیکب آباد کے شہر آباد میں نکالا گیا، مظاہرین نے بدامنی کے خلاف نعریبازی کرتے ہوئے شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کیا اورمولانا عبیداللہ سندھی چوک پر پہنچ کر دھرنا دیا، اس موقع پر جے یو آئی کے ضلعی امیر اور شہری اتحاد جیکب آباد کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے ضلع میں بدامنی عروج پر ہے عوام کا جینا دو بھر ہوگیا ہے، شہری خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں، جیکب آباد کی 40 سالہ تاریخ میں اتنی وارداتیں نہیں ہوئی جتنی ابھی ہورہی ہیں گذشتہ چند دنوں میں 200 موٹر سائیکلوں کی چوری کی وارداتیں ہوئیں ہیں، بدامنی کی وجہ سے عوام کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں اورعوام خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں شہری اور بیوپاری پریشان ہیں، دیہی علاقوں میں راتوں کو جاگ کر اپنی مدد آپ کے تحت اپنی حفاظت کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ پولیس امن امان قائم کرنے کے بجائے اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہے، انہوں نے کہا کہ عید کے بعد بدامنی، سماجی برائیوں کے خلاف اور امن امان کی بحالی کے لئے احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور ضلع بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔
