جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں شہید پولیس اہلکار کے قتل کیس میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے، پولیس نے چھاپے کے دوران 20 سے زائد گھر نذر آتش کردئیے، کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے بی سیکشن تھانہ کی حدود میں مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے مارے گئے چھاپے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار پرویز احمد بنگلانی کے قتل کیس میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے بی سیکشن تھانہ کی پولیس نے جمعہ کے روز گوٹھ یار محمد سومرو پر چھاپہ مارا تو پورا گاؤں خالی تھا اور کیس میں مطلوب افراد گاؤں خالی کرکے فرار ہوچکے تھے جس پر پولیس نے گاؤں میں موجود 20 سے زائد گھروں کو آگ لگادی پولیس نے گاؤں میں موجود سامان بھی اٹھا لیا، علاوہ ازیں پولیس کی جانب سے شہید اہلکار کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم پولیس کیس میں نامزد 40 سے زائدنامزد ملزمان میں سے ایک بھی ملزم کو بھی گرفتار نہیں کرسکی ہے، واضح رہے کہ 19 جولائی پیر کے روز بی سیکشن تھانہ کی پولیس نے ایک مفرور ملزم علی گوہر کی موجودگی کی اطلاع پر گوٹھ جان محمد سرکی پر چھاپہ مارا تھا تو گاؤں والوں نے پولیس پر ڈنڈوں اور اینٹوں سے حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار پرویز بنگلانی شہید ہوگیا تھا جس کا مقدمہ بی سیکشن تھانہ پر ایس ایچ او کی مدعیت پر 9 خواتین اور 23 مردوں سمیت 40 سے زائدافراد کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
