وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے زمینداروں کے لئے کسان کارڈ کا اجراء زراعت کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا

Spread the love

ساہیوال( آ صف ندیم )ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضیٰ اقبال خاں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے زمینداروں کے لئے کسان کارڈ کا اجراء زراعت کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا جس سے نہ صرف انہیں معیاری کھاد اور بیج دستیاب ہونگی بلکہ ان کو مالی استحصال سے بھی نجات ملے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ زمینداروں کو کسان کارڈ کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے اور انہیں کارڈ جاری کئے جائیں۔ وہ یہاں منٹگمری ھال میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز اور مقامی رہنماؤں ملک فیصل جلال ڈھکو، وحید اصغر ڈوگر، رانا آفتاب احمد خاں، شیخ محمد چوہان اور میجر (ر) ڈاکٹر مظہر شیرازی کے علاوہ اے ڈی سی ریونیو عدنان زاہد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو، ایکسین اریگیشن فیصل رشید، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ، ایکسین بلڈنگ ذوالفقار احمد تبسم، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد اور دوسرے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران پر زور دیا کہ وہ دیہات کی سطح پر جا کر زمینداروں کو کسان کارڈ کی افادیت سے متعلق آگہی دیں تاکہ اس پروگرام کو کامیاب بنایا جا سکے۔ رائے مرتضےٰ اقبال خاں نے ضلع کے ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خالی آسامیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید خان نیازی کو ہدایت کی کہ وہ خالی آسامیوں کی تفصیلات محکمہ صحت کو ارسال کریں تاکہ ان پر بھرتی کی اجازت حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے عیدالضحیٰ کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات کرنے پر تمام میونسپل اداروں کے افسران اور ملازمین کی خدمات کو سراہا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ کی طرف سے نئے مکمل ہونے والے کالجز میں تعمیراتی خامیوں کی نشاندہی پر انہوں نے ایکسین بلڈنگ کو تمام کام جلد مکمل کرکے کالجز کو محکمے کے حوالے کرنے کی ہدایت کی تاکہ کلاسز کا اجراء ممکن بنایا جا سکے۔ ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضےٰ اقبال خاں نے محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام میونسپل اداروں کو واضع ہدایات جاری کیں اور کہا کہ امام بارگاؤں اور جلوس کے راستوں کے اردگرد صفائی اور لائٹنگ کا بہترین انتظام کیا جائے۔ انہوں نے روزمرہ اشیاء صرف کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور اگلے اجلاس میں پرائس مجسٹریس کی کارکردگی بارے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں