جیکب آباد (نامہ نگار) جیکب آباد کی ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ کی عدالت نے دوہرے قتل کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ذوالفقار شیخ کی ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ نے دوہرے قتل کا جرم ثابت ہونے پر ملزم فقیر محمد بروہی کو عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید ایک سال سزا بھگتنا ہوگی،ملزم فقیر محمد بروہی کے قبضے سے آلہ قتل بغیر لائسنس پستول برآمدگی کا بھی جرم ثابت ہونے پر مزید 6سال قید اور 50ہزار جرمانہ کی سزا سنائی گئی جرمانہ کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں 6ماہ مزید قید کاٹنا ہوگی جبکہ مذکورہ کیس میں ملوث ایک ملزم اسرار بروہی کو روپوش قراردیا گیا ہے۔ واضع رہے کہ ملزم فقیر محمد بروہی نے اپنے بیٹے اسرار بروہی کے ہمراہ 7 جولائی 2020 کو گوٹھ محمدخان جمالی میں اپنی بیٹی صوبیا اور پڑوسی صابر علی جمالی کو غیرت کے نام پر قتل کیا تھا۔
