
جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد کے نواحی گاؤں میں نہر پر پُل نہ ہونے کے باعث علاقہ مکین میت کو دفنانے کے لیے نہر کے اندر سے پیدل گذار کر قبرستان لے جانے پر مجبور، میت کو نہر کے اندر سے پیدل گذارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام کا سخت رد عمل، فلفور پُل تعمیر کرانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے نواحی گاؤں درگاہی جکھرانی کے مکینوں کو اپنے فوت ہونے والے پیاروں کی تدفین کے لیے میت کو قبرستان تک لیجانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، گاؤں درگاہی جکھرانی میں مانجھی نہر پر پُل نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو فوت ہونے والوں کی میت کو قبرستان تک لیجانے کے لیے نہر کے اندر سے پیدل گذرنا پڑتا ہے، گذشتہ روز گاؤں درگاہی جکھرانی میں فوت ہونے والے شخص مقیم جکھرانی کی میت کو جب ورثہ نہر کے اندر سے پیدل گذار کر قبرستان لے جارہے تھے تو وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر عوام کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے اور عوام نے اس پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے پُل تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا، اس سلسلے میں متاثرہ علاقے کے مکینوں کا کہنا تھا کہ جب ہمارے پیارے فوت ہوتے ہیں تو ہمیں ان کی میت کو قبرستان تک لے جانے کے لیے نہر کے اندر سے پیدل جانا پڑتا ہے کیوں کہ قبرستان کی طرف اور کوئی راستہ نہیں جاتا، علاقہ مکینوں نے بتایا کہ 2017ء میں نہر کا پُل مقامی ٹھیکیدار نے ناقص مٹیریل سے تعمیر کیا جو 6 ماہ کے اندر ہی ٹوٹ کر گر پڑا اس کے بعد سے ہم پُل سے محروم ہیں اور جب ہمارا کوئی فوت ہوتا ہے تو ہمیں میت کودفنانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلفور پُل تعمیر کرکے دیا جائے اور ہماری مشکلات کو دور کیا جائے۔
